آپ آف لائن ہیں
جمعرات 15؍ ذی الحج 1441ھ6؍اگست2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

منور حسن نے امانت اور دیانت کی عظیم مثال قائم کی،فضل الرحمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ منور حسن نے امانت اور دیانت کی عظیم مثال قائم کی، امیر جماعت اسلامی پاکستان کی حیثیت سے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھ جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفد کی قیادت کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کے انتقال پر ادارہ نور حق میں ان کے صاحبزادے سید طلحہ حسن، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات واظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔جمعیت علمائے اسلام (ف)کے وفد میں راشد محمود سومرو،قاری محمد عثمان،مولانا عبدالکریم عابد،اسلم غوری،مولانا غیاث،شرف الدین اندھڑ، مولانا فتح اللہ و یگر شامل تھے۔ اس موقع پر مسلم پرویز،ڈاکٹر واسع شاکر، عبدالرزاق خان، راشد قریشی، زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ سید منور حسن سے ایک طویل رفاقت رہی ہے، انہیں ہمیشہ ملکی اور قومی ایشوز پر نہایت سنجیدہ پایا اور فکر مند دیکھا،مختلف اجتماعات اور مظاہروں میں ان کا خطاب سحر انگیز اور عوامی جذبات کی ترجمانی کرتا تھا۔ منور حسن نے پوری زندگی کلمہ حق بلند کیا، وہ محب دین،محب وطن، امانت ودیانت سے کام کرنے اور غریب مظلوم کے دکھ درد کا احساس رکھنے والے تھے،انہوں نے قومی ایشوز پر ہمیشہ اسلام کی ترجمانی کا فریضہ بہادری سے انجام دیا۔

ملک بھر سے سے مزید