• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی رہنماؤں کا میر شکیل الرحمان کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت

سیاسی رہنماؤں کا میر شکیل الرحمان کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت 


کراچی، لاہور، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، نمائندگان جنگ) اہم سیاسی رہنماؤں نےجنگ جیو کے ایڈیٹر انچیف کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر اورسابق صدر پاکستان آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف ، جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق اور جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ،ایاز لطیف پلیجو ، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والااور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق سمیت اہم رہنمائوں نےمیر شکیل الرحمان کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار افسوس اور میر شکیل الرحمان اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

سیاسی رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ میرشکیل الرحمان کو ہمشیرہ کی تجہیز وتکفین میں شرکت کی اجازت دی جائے، غم اور دکھ کی اس گھڑی میں میر فیملی کیساتھ ہیں اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہلخانہ کو صبرجمیل دے۔

سیاسی رہنمائوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ میر شکیل الرحمان کو بھائی میر جاوید رحمان کے بعد ہمشیرہ کے انتقال کا دوہرا صدمہ برداشت کرنا پڑا، بھائی اور بہن کا غم بڑا گہرا ہوتا ہے، میرشکیل الرحمٰن اور اہلخانہ سے ہمدردی ہے ۔

دریں اثناء جنگ جیو جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس اتوار کو جنگ یونین آفس میں ہوا جس میں ایڈیٹر انچیف جنگ جیو میرشکیل الرحمان کی بہن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ میرشکیل کو فوری پیرول پر رہا کیا جائے اور بہن کے جنازے میں شرکت کی اجازت دی جائے۔

ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان اور ان کی فیملی کو ہراساں کرنے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال فوراً بند کرکے میرشکیل الرحمان کے خلاف مقدمات واپس لئے جائیں۔ 

اجلاس میں ایپنک کے سیکرٹری جنرل اور جنگ پبلی کیشنز ایمپلائز یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری شکیل یامین کانگا، دی نیوز کے صدر سعید محی الدین پاشا، جنرل سیکرٹری دارا ظفر، جاوید پریس یونین کے جنرل سیکرٹری رانا محمد یوسف نے شرکت کی جبکہ سینئر صحافی اور بیورو چیف جیو فہیم صدیقی، جنگ یونین کے صدر رفیق بشیر نے ٹیلیفونک کال کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا۔ 

انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس گلراز احمد سے پرزور مطالبہ کیا کہ میرشکیل الرحمان کی گرفتاری پر سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے ان کے کیس کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے۔

دریں اثناء اجلاس میں میرشکیل الرحمان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا اور دعا کی گئی کہ اس کڑے اور مشکل وقت میں اللہ میرشکیل الرحمان کو صبر و استقامت اور ہمت عطا فرمائیں۔ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت فرمائےانہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام و مرتبہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔ 

دریں اثناء امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری، سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ،نائب امراءذکر اللہ مجاہد، سردار ظفر حسین خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل نصرا للہ گورائیہ، محبوب الزمان بٹ،سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد عمران الحق نے میر خلیل الرحمن ( مرحوم ) کی صاحبزادی اور میر شکیل الرحمن کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

تازہ ترین