• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلجیم :کورونا پھیلاؤ میں معمولی اضافہ، ماسک لازمی قرار

برسلز( حافظ انیب راشد ) بلجیم میں کورونا کے پھیلاؤ میں معمولی اضافے کے ساتھ ہی ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ، اب دکانوں، بینک اور سینما میں داخل ہونے کیلئے ہر شخص کو ماسک لازمی پہننا ہوگا۔ یاد رہے کہ ماہرین لاک ڈائون کے خاتمے کے بعد سے عوامی رویے پر مسلسل خبردار کرتے چلے آرہے ہیں لیکن معاشی صورتحال اس بات کا تقاضا کر رہی تھی کہ معمول کی زندگی بحال ہو، دوسری جانب یہ بات بھی درست ہے کہ باقاعدہ علاج کی غیر موجودگی میں لاک ڈائون کے نتیجے میں ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی واقع ہوئی ۔ ماہرین کے مطابق لاک ڈائون کے خاتمے کے اعلان سے عوام میں یہ خیال پیدا ہوا کہ یہ وباء ختم ہو چکی ہے ۔ جس پر ماہرین کی رائے کو فوقیت دیتے ہوئے حکومت نے پبلک مقامات پر ماسک پہننے کو لازمی قرار دے دیا اور اس کا فوری طور پر اطلاق کردیا ۔ نئے قانون کے تحت اب کوئی بھی شخص ماسک کے بغیر دکان ، بینک ، مسجد، سینما اوررش کےمقامات میں داخل نہیں ہو سکے گا ۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں یہ پابندی پہلے ہی سے عائد ہے ۔ بلجیم کی فیڈرل وزارت صحت کے مطابق بلجیم میں روزانہ کی بنیاد پر 87.9 فیصد کورونا مثبت کیس سامنے آرہے ہیں جوکہ گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ ہیں، یاد رہے کہ فیڈرل وزارت صحت اب روزانہ کی بجائے ہفتہ وار بنیادوں پر نئے اعدادوشمار جاری کرتی ہے۔ وزارت کے مطابق اس وقت روزانہ 10.1 فیصد کورونامریض ہسپتال آرہے ہیں ۔ 168 کورونا مریضوں کو گذشتہ ہفتے میں ہسپتال داخل کیا گیا جس میں سے 32 انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں داخل ہیں ۔ کورونا وائرس کے باعث روزانہ ہلاکتوں کی تعداد کم ہو کر اس وقت 2.4 فیصد پر آگئی ہے جو کہ اس سے ایک ہفتہ قبل 4.7 فیصد روزانہ تھی۔ مجموعی تعداد کے لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو بلجیم میں کرونا کے آغاز سے لے کر اب تک 62 ہزار 606 افراد متاثر ہوئے جن میں اس وباء سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9782 ہے۔

تازہ ترین