• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وینس کو سیلاب سے بچانے کیلئے جدید گیٹ سسٹم نصب

کراچی (نیوز ڈیسک)ٹلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیلاب کو روکنے کیلئے 78؍ موبائل دروازوں (گیٹس) پر مشتمل ایک جدید سسٹم کا تجربہ کیا گیا ہے۔ ڈیڑھ کلومیٹر طویل ان دروازوں کے سسٹم کو Mose System کا نام دیا گیا ہے جو پیلے رنگ کے ایک چھوٹے ڈیم جیسے ہیں۔ وزیراعظم گیوسپی کونٹے کا کہنا ہے کہ اپنی نوعیت کا یہ طاقتور منصوبہ ہے جسے مکمل ہونے میں کئی سال لگ گئے۔ یاد رہے کہ سیاحتی شہر وینس کو بچانے کیلئے کئی برسوں سے اس سسٹم کی تعمیر کے مطالبات سامنے آتے رہے تھے اور یہ منصوبہ ایک طویل عرصہ سے کرپشن کی نظر بھی ہوتا رہا۔ گزشتہ سال نومبر 2019ء میں وینس میں گزشتہ پچاس سال کے دوران پہلی مرتبہ آنے والے زبردست سیلاب کے بعد اس ڈیم کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ اس پروجیکٹ پر کام 2003ء میں شروع ہوا تھا، حالانکہ اس کی ڈیزائن 1980ء میں پیش کیا گیا تھا۔ تاخیر کی وجہ سے اس پروجیکٹ کی مالیت میں تین گنا اضافہ ہوا جبکہ کئی عہدیدار کرپشن کی وجہ سے گرفتار ہوئے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اٹلی میں سیاحت کی صنعت کو زبردست نقصان ہوا ہے جبکہ علاقے میں کروز بحری جہازوں کی آمد بھی معطل ہے۔ گزشتہ سال وینس میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے 80؍ فیصد شہر ڈوب گیا تھا۔ گزشتہ روز موز سسٹم کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم اور تین حکومتی اتحادیوں نے آپریشن کنٹرول روم کا دورہ کیا اور 90؍ منٹ تک سسٹم کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ تجربے کے دوران شہر میں سمندر کے پانی کے داخل ہونے کے تین اہم مقامات پر نصب گیٹس پر تحقیق کی گئی، یہ تین مقامات لیڈو، مالاموکو اور چیوجیا کے نام سے پہچانے جاتے ہیں۔ یہ سسٹم اس وقت فعال ہو جائے گا جب پانی کی ایک بڑی لہر شہر کی طرف بڑھے گی تو گیٹس از خود کھل جائیں گے جس سے پانی شہر کی طرف بڑھنے سے رک جائے گا۔

تازہ ترین