• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ سے پاکستان جانے والی فیملی کو ڈاکوئوں نے لوٹ لیا

وٹفورڈ( نمائندہ جنگ) روات کلر سیداں روڈ پر برطانیہ سے پاکستان جانے والی فیملی ڈاکوئوں کے ہاتھوں لٹ گئی۔ مذاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے میاں ،بیوی شدید زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق ٹکا خان اپنی بیوی اور بہو کے ساتھ اسلام آباد ائر پورٹ سےاپنے گھر جا رہے تھےکہ راستے میں گاڑی میں سوار چار ڈاکوؤں نے ان کو ساگری بس ا سٹاپ کے پاس روک لیا۔ ان سے غیرملکی کرنسی، سونا اور پاکستانی روپے لےکر فرار ہو گئے ۔ ڈاکوؤں اور برطانیہ پلٹ فیملی کے درمیان مزاحمت بھی ہوئی جس کے نتیجےمیں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ٹکا خان اور ان کی بیوی زخمی ہوگئےاور بہو بے ہوش ہوگئی، واقعہ صبح چار بجے ہوا، جہاں پولیس کا گشت جاری رہتا ہے۔ واقعہ پولیس اسٹیشن سے کچھ فاصلے پر ہوا، تاہم روات پولیس اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے واردات پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری ہسپتال پہنچایا ۔ پولیس تاحال ڈاکوؤں کو گرفتار نہیں کر سکی، تفتیش جاری ہے۔علاوہ ازیں برطانیہ میں عوامی مسلم لیگ کےچیف آرگنائزر حاجی محمد منیر، چوہدری مقصود ،کونسلر عمران حمید ملک، امجد امین بوبی ، چوہدری محمد افسر، شفقت اقبال تبسم ودیگر نے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد ائر پورٹ پر بیرون ملک سے پاکستان جانے والے مسافروں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے پولیس چوکی قائم کی جائے تاکہ مسافر ائر پورٹ سے پولیس کی نگرانی میں گھروں کو جا سکیں ۔ ان رہنمائوں نے کہا یہ واقعہ مخبری کی بنیاد پرہوا ہے ،ہم وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعہ کی تحقیقات اور ڈاکوؤں کوفوری گرفتار کیا جائے اور مضروب فیملی کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔

تازہ ترین