• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیسکو ریجن میں بجلی کی وافر فراہمی، شارٹ فال زیرو ہوگیا

لاہور (سپیشل رپورٹر) وزارت بجلی کی جانب سے بجلی کی طرف سے وافر فراہمی کے بعد لیسکو ریجن میں بجلی کا شارٹ فال زیرو ہو گیا۔ طلب 3800اور سپلائی 3750میگا واٹ ہے۔بجلی کی مرمت و بحالی کے کاموں کے لئے شٹ ڈائون پرمٹ بند کردئیے گئے تاہم ہائی لاسز فیڈروں پر بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہے گی۔ لیسکو ذرائع نے بتایا کہ وزارت بجلی کی جانب سے مطلوبہ مقدار میں بجلی کی فراہمی جاری ہے، سسٹم میں وافر بجلی موجود ہے اور شارٹ فال زیرو ہو گیا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے ہائی لاسز فیڈروں میں لوڈ شیڈنگ کی پالیسی جاری ہے اور جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں بھی لوڈ شیڈنگ جاری رہے گی۔ ذرائع نے کہا کہ لیسکو ریجن میں ہائی لاسز کیٹگری چار اور پانچ میں یومیہ پانچ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ ہائی لاسز فیڈروں کی تعداد 31ہے ۔جن میں لاہور کے سرحدی دیہات کےتین فیڈر واہگہ، ڈیال اور گھرکی شامل ہیں۔ لیسکو کی تمام کوششوں کے باوجود مذکورہ علاقوں میں بجلی چوری ختم نہیں ہوئی جس وجہ سے وہاں لوڈ شیڈنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع نے کہا کہ لیسکو سسٹم میں بجلی کی طلب 3800اور سپلائی 3750میگا واٹ ہے، گھریلو صارفین کی طلب 1600میگا واٹ اور صنعتوں کی طلب750میگاواٹ ہے، صنعتوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے اور کسی قسم کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی۔
تازہ ترین