• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکار ہمیشہ انٹرنیشنل ہونا پسند کرتے ہیں : آغا علی

پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی کا کہنا ہے کہ اداکار ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر کام کرنا پسند کرتے ہیں۔

آغا علی نے اسراء بلجیک کو پاکستانی کمپنی کا برانڈ ایمبیسڈر بنائے جانے پر تنقید کرنے والے فنکاروں کو جواب دیتے ہوئے اپنی ایک انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی جس میں اس متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’اداکار ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر کام کرنا پسند کرتا ہے اور جب کسی اداکار کو دوسرے ملک سے کسی پراجیکٹ کی آفر ہو تو یہ اس کیلئے قابل فخر لمحہ ہوتا ہے۔‘

آغا علی کا کہنا تھا کہ ’ایسا ہی جب پاکستانی کمپنی کسی بین الاقوامی اسٹار کو برانڈ ایمبیسڈر بنائے تو یہاں کے فنکار غیر محفوظ محسوس کرنا شروع کردیتے ہیں کہ جیسے غیر ملکی اسٹارز اُن کے پراجیکٹس اور کام پر ڈاکہ ڈالنے آئے ہیں۔‘

آغا علی نے اپنے تفصیلی پیغام میں لکھا کہ ’اللہ نے جو آپ کے نصیب میں لکھا ہے اس سے نہ زیادہ ملے گا نہ ہی کم تو لہذا دوسرے ممالک کے فنکاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں، اور اپنے لوگوں کو غیر محفوظ محسوس نہ کروائیں، آنے دو جو آتا ہے، خوش رہو اور محنت کرو۔‘

انہوں نے لکھا کہ فواد اور ماہرہ جب اپنا کام ادھورا چھوڑ کر بھارت سے وطن واپس آئے تو ہمیں بہت بُرا لگا تھا، اسی طرح اگر ترکی کے اداکار یا کسی اور ملک کے اداکار یہاں سے جائیں گے تو یقیناً وہاں کے لوگوں کو بُرا لگے گا اور پاکستانی اداکاروں کو ترکی میں جو عزت دی جاتی ہے اس میں بھی کمی ہوگی۔‘

آغا کا کہنا تھا کہ برائے مہربانی غیر ملکی اداکاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں اور انہیں اُن کے ملک کی طرح پیار اور عزت دیں۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان کی عزت بھی اسی میں ہے، باقی جو آپ کو ٹھیک لگے۔

واضح رہے کہ اسراء بلجیک کے پاکستانی برانڈ کی برانڈ ایمبیسڈر بنائے جانے پر پاکستانی اداکاروں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جارہا تھا۔

کامیڈین اداکار یاسر حسین نے غیر ملکی برانڈ ایمبیسڈر کے خلاف آواز بلند کی جس کی حمایت میں اداکارہ ایمن خان اور اداکارہ منال خان بھی بول پڑیں۔

تازہ ترین