• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے یورپین پارلیمنٹ اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، مائیکل گاہلر

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین یاسین ملک کی رہائی اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے یورپین پارلیمنٹ اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار یورپین پارلیمنٹ میں فارن ریلیشنز کمیٹی کے وائس چیرمین مائیکل گاہلر ایم ای پی نے تارکین وطن جموں و کشمیر کمیونٹی کی آن لائن میٹنگ میں بات کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپ بھر میں بسنے والے کشمیری ہمارے شہری ہیں، ان کا ہر مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور ان کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے میں یورپین پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرے گی۔

جموں کشمیر ڈائسپورا کمیونٹی کے زیر اہتمام ہونے والی اس میٹنگ سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر تنویر چوہدری برسلز سے سابق صدر یورپ زون شبیر جرال، یو کے سے اسکالر اویس راجپوت، ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد اشفاق قمر، ہالینڈ سے ممبر ورکنگ اور سفارتی کمیٹی ڈاکٹر راشد کاظمی، اینٹورپن سے جنرل سیکریٹری بیلجیئم برانچ مسعود اقبال میر، فن لینڈ سے حافظ مظہر اقبال نعیمی نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ان رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین جے کے ایل ایف محمد یاسین ملک کی رہائی کیلئے یورپین پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرے اور مقبوضہ کشمیر کے تینوں حصوں میں فیکٹس فائنڈنگ مشن بھیجے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے اسلحہ اور بارود بنا کر ہمارے بچوں کے قاتلوں سے اسلحے اور بموں کی تجارت بند کی جائے۔

میٹنگ کے شرکاء نے کہا کہ کل مورخہ 13 جولائی کو واہگہ کے راستے ہندوستان پاکستان نے تجارت شروع کی جبکہ جموں و کشمیر کو تقسیم کرنے والی خونی لکیر پر 7 لاشیں گرائی گئیں۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ یورپین پارلیمنٹ انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کو رکوانے سمیت جموں کشمیر ایشو کو ریاستی باشندوں کی خواہشات کے مطابق حل کروائے۔

جموں کشمیر ڈائسپورا کمیونٹی نے یورپ بھر میں بسنے والے ریاست جموں کشمیر کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جن میں سب سے بڑا مسئلہ شناخت کا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے باشندے کشمیری ہیں، لہٰذا یورپ بھر میں ہماری شناخت پر ہونے والے حملے کو روکا جائے۔

شرکا کا کہنا تھا کہ چیئرمین یاسین ملک، ظہور بٹ اور دیگر سیاسی قائدین کی رہائی کے لیے انسانی حقوق کی سب کمیٹی اپنا کردار ادا کرے۔

تازہ ترین