• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جھیل میں ڈوبنے والی اداکارہ نایا ریویرا کی لاش مل گئی

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب پیرو جھیل میں 8 جولائی کو نہانے کے دوران ڈوب جانیوالی 33سالہ اداکارہ نایا ریویرا کی لاش کو تلاش کرلیا گیا۔ نایا ریویرا 8جولائی کی دوپہر کو اپنے 4سالہ بیٹے کے ساتھ لاس اینجلس سے 45 میل دوری پر واقع پیرو جھیل کی سیر کرنے پہنچی تھیں۔اداکارہ نے جھیل کی سیر کے لیے کرائے پر کشتی حاصل کی تھی اور جھیل میں جانے کے بعد وہ نہانے کے لیے جھیل میں اتریں اور پھر واپس نہیں آئیں۔کشتی پر موجود لاوارث بچہ اداکارہ نایا ریویرا کا 4 سالہ بیٹا تھا، جس نے حکام کو بتایا کہ ان کی والدہ نہانے کے لیے جھیل میں اتری تھیں مگر وہ واپس نہیں آئیں۔بچے کی فراہم کردہ معلومات کے بعد حکام نے 8 جولائی کو ہی فوری طور پر ڈوب جانے والی اداکارہ کی تلاش شروع کردی تھی مگر ریسکیو حکام ایک ہفتے تک ان کی لاش کو ڈھونڈنے میں ناکام رہے تھے۔حکام نے اداکارہ کے ڈوب جانے کے 24 گھنٹے بعد ہی اس بات کا خدشہ ظاہر کیا تھا کہ وہ ہلاک ہوچکی ہوں گی اور چوتھے دن ہی امکان ظاہر کیا تھا کہ شاید اداکارہ کی لاش نہ ملے۔لیکن اس باوجود حکام نے بڑے پیمانے پر اداکارہ کی لاش کو تلاش کرنے کی مہم جاری رکھی اور ہیلی کاپٹرز سمیت جدید آبدوزوں کی مدد بھی حاصل کی گئی۔6 دن کی کوششوں کے بعد 13جولائی کی شب کو حکام نے پیرو جھیل کے اسی مقام سے ایک لاش برآمد کرلی تھی، جہاں اداکارہ نہانے کے لیے اتری تھیں۔تاہم مقامی حکام نے تصدیق کی ہےکہ گزشتہ شب ملنے والی لاش اداکارہ نایا ریویرا کی ہی ہے اور لاش ملنےسے متعلق اداکارہ کے اہل خانہ کو آگاہ کردیا گیا۔حکام کے مطابق اداکارہ کی لاش سے نمونے لے کر میڈیکل چیک اپ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں اور اب تک کی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ اداکارہ کو کسی نے قتل نہیں کیا اور نہ ہی وہ خودکشی کا واقعہ ہے۔حکام نے تصدیق کی کہ اداکارہ نہانے کی غرض سے جھیل میں اتری تھیں اور انہوں نے زندگی بچانے والی جیکٹ بھی نہیں پہنی تھی اور حالات سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی موت حادثاتی طور پر ہوئی۔

تازہ ترین