• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکار کیلئے غیرملکی پروجیکٹ کی پیشکش قابل فخر لمحہ ہوتا ہے، آغا علی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے معروف اداکار آغا علی نے اسراء بلجیک کو پاکستانی کمپنی کا برانڈ ایمبیسڈر بنائے جانے پر تنقید کرنے والے فنکاروں کو جواب دے دیا۔اداکار نے اپنی ایک انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی ۔آغا علی نے کہا کہ اداکار ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر کام کرنا پسند کرتا ہے اور جب کسی اداکار کو دوسرے ملک سے کسی پروجیکٹ کی آفر ہو تو یہ اس کیلئے قابل فخر لمحہ ہوتا ہے۔آغا علی کا کہنا تھا کہ ایسا ہی جب پاکستانی کمپنی کسی بین الاقوامی اسٹار کو برانڈ ایمبیسڈر بنائے تو یہاں کے فنکار غیر محفوظ محسوس کرنا شروع کردیتے ہیں کہ جیسے غیر ملکی اسٹارز اُن کے پروجیکٹس اور کام پر ڈاکہ ڈالنے آئے ہیں۔آغا علی نے اپنے تفصیلی پیغام میں لکھا کہ اللہ نے جو آپ کے نصیب میں لکھا ہے اس سے نہ زیادہ ملے گا نہ ہی کم تو لہذا دوسرے ممالک کے فنکاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے لوگوں کو غیر محفوظ محسوس نہ کروائیں، آنے دو جو آتا ہے، خوش رہو اور محنت کرو۔ اداکار نے اس توجہ دلائی کہ انہوں نے لکھا کہ فواد اور ماہرہ جب اپنا کام ادھورا چھوڑ کر بھارت سے وطن واپس آئے تو ہمیں بہت بُرا لگا تھا، اسی طرح اگر ترکی کے اداکار یا کسی اور ملک کے اداکار یہاں سے جائیں گے تو یقیناً وہاں کے لوگوں کو بُرا لگے گا۔آغا علی نے کہا کہ غلط رویہ اپنانے سے پاکستانی اداکاروں کو ترکی میں جو عزت دی جاتی ہے اس میں بھی کمی ہوگی۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان کی عزت بھی اسی میں ہے، باقی جو آپ کو ٹھیک لگے۔واضح رہے کہ اسراء بلجیک کے پاکستانی برانڈ کی برانڈ ایمبیسڈر بنائے جانے پر پاکستانی اداکاروں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جارہا تھا۔

تازہ ترین