• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہلیہ پر تشدد، برطانوی اخبار کیخلاف کیس میں جونی ڈیپ کے بیانات مکمل

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف ہولی وڈ اداکار 57 سالہ جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ 34 سالہ امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات سے متعلق لندن میں زیر سماعت کیس میں اپنے بیانات مکمل کروادیے۔اداکار نے اپریل 2018میں برطانوی اخبار ʼدی سن‘ کے خلاف جھوٹا مضمون لکھنے پر لندن کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔’دی سن‘ نے اپنے مضمون میں جونی ڈیپ کو ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ شخص قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ کس طرح جونی ڈیپ نے اپنی اہلیہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔اخبار کی جانب سے مضمون شائع کیے جانے کے بعد جونی ڈیپ نے اخبار کے خلاف برطانوی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے اخبار کے خلاف 2 لاکھ یورو ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا۔مذکورہ کیس میں جونی ڈیپ کی حمایت میں متعدد خواتین نے بھی بیانات ریکارڈ کرواتے ہوئے عدالت کو بتایا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی اداکار کو تشدد کرتے نہیں دیکھا۔سات جولائی کے بعد جونی ڈیپ نے 14 جولائی تک اپنے بیانات اور قسم نامے مکمل کیے اور انہوں نے ہر سماعت میں امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سابق بیوی ان پر تشدد کرتی رہی ہیں۔سماعتوں کے دوران عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ جونی ڈیپ نے امبر ہرڈ کو 2013 سے 2016 تک مختلف ممالک اور مواقع پر کم از کم 14 بار تشدد کا نشانہ بنایا۔اپنے بیانات مکمل کرتے ہوئے جونی ڈیپ نے کہا کہ2016میں جب انہیں ایک دن معلوم ہوا کہ ان کے سابق مینیجر کی نااہلی کی وجہ سے انہیں 65کروڑ امریکی ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور ساتھ ہی ان پر 17سال تک ٹیکس ادا نہ کرنے کی وجہ سے مزید 10 کروڑ ڈالر کا جرمانہ بھی ہوا ہے، اسی دن امبر ہرڈ نے انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ جونی ڈیپ کی جانب سے بیانات مکمل کیے جانے کے بعد اب امبر ہرڈ کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے اور ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے اداکارہ اپنے بیانات ریکارڈ کروائیں گی۔امبر ہرڈ کے بیانات ریکارڈ کروانے کی سماعتیں بھی ایک ہفتے تک چلنے کا امکان ہے، جس کے بعد ممکنہ طور پر عدالت تیسرے ہفتے میں فیصلہ سنانے کی تاریخ کا اعلان کرے گی۔اگر جونی ڈیپ پر لگائے گئے الزامات جھوٹے نکلے تو برطانوی اخبار کو2لاکھ یورو کا جرمانہ ادا کرنے سمیت عدالت کی جانب سے سخت احکامات سنائے جا سکتے ہیں۔

تازہ ترین