• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لائسنس معطل کرنے کیخلاف پائلٹ کی درخواست ناقابل سماعت قرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سول ایوی ایشن کی جانب سے مشکوک لائسنس کے حامل پائلٹس کے لائسنس معطل کرنے کے معاملے پر سول ایوی ایشن کے خلاف پائلٹ وقار احمد کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی ہے۔ منگل کو دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری لسٹ میں اٹھارویں نمبر پر پائلٹ وقار احمد کا نام بھی شامل ہے، پائلٹ وقار احمد نے سول ایوی ایشن پر لائسنس ضرور حاصل کیا تاہم پی آئی اے میں ملازمت نہیں کرتے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ سول ایوی ایشن لائسنس کے معاملے پر اعلیٰ سطح کی انکوائری کر رہی ہے ، انکوائری کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ بالکل مداخلت نہیں کرسکتا،انکوائری میں جو لائسنس ٹھیک ثابت ہوگا وہ بحال کردیا جائے گا، جو جعلی ہوں گےوہ منسوخ کردیئے جائیں گے، ہم جعلی لائسنس پر کسی کو جہاز اڑانے کی اجازت کیسے دے سکتے ہیں؟ کیسے اجازت دیں کہ جائیں جعلی لائسنس پر جہاز اڑائیں اور لوگوں کو مارتے پھریں؟ ملک میں سب نے مزاق بنایا ہوا ہے کسی کو احساس نہیں، درخواست واپس لیں ورنہ جرمانہ لگا کر مسترد کردیں گے۔ بعد ازاں عدالت نے سول ایوی ایشن کے خلاف پائلٹ وقار احمد کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی ہے۔

تازہ ترین