• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضم اضلاع، صحت کیلئے چار منصوبوں پر عملدرآمد کی منظوری

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ورکنگ ڈویلپمنٹ پارٹی کی منظوری کے بعد محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ضم قبائلی اضلاع کے تیز تر عملدرآمد پراجیکٹ (اے آئی پی) میں شامل شعبہ صحت کے چار منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے انتظامی منظوری دے دی، سیکرٹری صحت نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کو باضابطہ مراسلہ بھیج دیا ہے ، منصوبوں پر 3261.281 ملین روپے اخراجات آئیں گے رواں مالی سال میں منصوبوں کے لئے 1993.87 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے اعلامیہ کے مطابق منصوبوں میں ضم اضلاع کے سات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں رول آئوٹ ہاسپیٹل ویسٹ مینجمنٹ، ماں و نوزائیدہ بچے کی زندگی بچانے منصوبے کے تحت دیہی ایمبولنس سروس کا آغاز، 85بی ایچ یوز کی بحالی کے تحت سکلڈ برتھ اٹینڈنٹس کی تعیناتی و فوری تشخیصی ٹیسٹ کا بندوبست اور ہسپتالوں میں کوالٹی میڈیکل پروفیشنلز ٹیکنیشنز منصوبے کے تحت بھاری تنخواہوں پر نرسز، ایل ایچ ویز، پیرا میڈیکس اور میڈیکل ٹیکنالوجسٹس کی تقرری شامل ہیں۔ رول آئوٹ ویسٹ مینجمنٹ کے تین سالہ منصوبے پر 582.460 ملین روپے اخراجات آئیں گے رواں مالی سال منصوبے کے لئے 201.889 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں ، ہسپتالوں کا فضلہ محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے گا جس کے لئے آلات، ٹرانسپورٹیشن اور انسی نریٹر اخراجات کا بندوبست کیا جائے گا۔ ماں و نوزائیدہ بچے کی زندگی بچانے کے منصوبے کے تحت دیہی ایمبولنس سروسز کا آغاز کیا جائے گاایک سالہ منصوبے کے لئے 350 ملین روپے رکھے گئے ہیں ساتوں ضم اضلاع کے لئے 50 ایمولنسز خریدی جائیں گی خیبر کو 8 اور باقی 6 اضلاع کے ہسپتالوں کو 7،7 ایمبولنسز دی جائیں گی جن کے ذریعے مائوں کو گھر سے مراکز صحت لایا جائے گا، ایک سال میں تقریباً 4500 مائوں کو مراکز صحت منتقل کیا جائے گا۔ 85 بی ایچ یوز کی بحالی منصوبے کے تحت مراکز صحت میں 24 گھنٹے سکلڈ برتھ اٹینڈنٹس کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی جبکہ فوری تشخیصی ٹیسٹ کا بندوبست بھی کیا جائے گا،دو سالہ منصوبے پر 557.341 ملین روپے اخراجات آئیں گے ، رواں سال میں 458.697 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ کوالٹی میڈیکل پروفیشنلز منصوبے پر دو سالوں میں 1771.480 ملین روپے خرچ کئے جائیں گے رواں مالی سال میں اس کے لئے 884.640 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں ، ماہانہ ایک لاکھ 20 ہزار روپے پر 500 نرسز، 80 ہزار روپے تنخواہ پر 200 ٹیکنالوجسٹس، 80 ہزار روپے تنخواہ پر 100 لیڈی ہیلتھ وزیٹرز بھرتی کی جائیں گی۔ منصوبوں کا مقصد ضم اضلاع کے ہسپتالوں میں سہولیات کو اپ گریڈ کر کے بندوبستی اضلاع کے برابر لانا ہے۔
تازہ ترین