• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کی حمایت پر علی رضا سید کا سبکدوش جرمن پارلیمنٹیرین سے اظہار تشکر

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے سبکدوش ہونے والے جرمن رکن یورپی پارلیمنٹ ڈاکٹر کلاؤس بوشنر کی طرف سے کشمیریوں کی حمایت کو سراہا ہے۔

واضح رہے کہ گرین یورپین فری الائنس سے وابستہ جرمن پارلیمنٹرین ڈاکٹر بوشنر اپنی پارلیمانی مدت کے دوران مسئلہ کشمیر کے بارے میں کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام منعقد ہونے والے پروگراموں کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

علی رضا سید نے ڈاکٹر بوشنر سے بدھ کے روز برسلز میں ملاقات کرکے کشمیریوں کے لیے  ان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر بوشنر کی اہلیہ بھی موجود تھیں، جو خود انسانی حقوق کے لیے کام کرتی ہیں۔

ڈاکٹر کلاؤس بوشنر حال ہی میں اپنی پارلیمانی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوئے ہیں۔ ان کی جگہ نئے جرمن رکن یورپی پارلیمنٹرین نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

ملاقات کے دوران چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ ہم آپکی کشمیریوں کے لیے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آپ آئندہ بھی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

علی رضا سید نے ایک کشمیری سوینئر بھی ڈاکٹر بوشنر کو پیش کیا اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ ان کی ڈکٹربوشنر سے ملاقات بہت ہی مفید رہی۔ ہم ڈاکٹر بوشنرکی حمایت پر ان کے شکرگزار ہیں۔

ہمیں یہ بھی امید ہے کہ ان کی جگہ نئے آنے والے جرمن رکن یورپی پارلیمنٹ بھی مظلوم کشمیریوں کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے خاص طور پر یورپی اراکین پارلیمنٹ اور یورپی حکام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے  اپنی سفارتی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

علی رضا سید نے بین الاقوامی برادری خصوصاً یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

تازہ ترین