• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں صدارتی نظام آزمانے کا وقت آگیا، جمیل گوندل

واشنگٹن ( پ ر )انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ نیویارک کے صدر محمدجمیل گوندل نے کہا ہے کہ پاکستان میں پھر سے صدارتی نظام آزمانے کاوقت آگیا،بدقسمتی سے ہمارے ہاں جمہوریت نے ریاست کی بجائے شخصیات کوطاقتوربنادیا ۔بھولے عوام کواپنے نجات دہندہ کی بھی پہچان نہیں،وہ ہرکسی کے پیچھے چل پڑتے ہیںجس دن عوام کواپنی سیاسی اہمیت اور طاقت کااندازہ ہوگیا اس دن پاکستان کانظام اورسیاسی قیادت کامزاج بدل جائے گا ۔عوام سیاستدانوں کی شعبدہ بازی اورلفاظی کومستردکردیں۔عوام کسی سرمایہ دارکی بجائے اپنے آس پاس اعلیٰ کردارکانمائندہ تلاش کریں۔محمد جمیل گوندل نے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے ساتھ کئی بار حادثہ ہوا مگر سیاستدانوں کی روش نہیں بدلی جس وقت تک قومی سیاست پرچندخاندانوں کی اجارہ داری ہے اس وقت تک پاکستان میں آئین اورقانون کی حکمرانی کے ساتھ ساتھ شفاف انتخابات کاخواب بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قائدبہت ہیں مگرقائداعظم ثانی کوئی بھی نہیں ہے جواس قوم کی نائو کنارے تک لے جائے۔کوئی اس ملک میں سنجیدہ ،اصولی اورتعمیری سیاست کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاستدان ایک دوسرے کے ساتھ حسد اور دشمنی میں فوج کواقتدارمیں آنے کیلئے سرعام اشارے کرتے اوراکساتے ہیں مگر اس کے فوری بعد آپس میں اتحاد بناکرآمریت کیخلاف تحریک شروع کی جاتی ہے ۔ جہاں بھی نظریات سے زیادہ شخصیات اوراپنے اپنے مفادات کواہمیت دی جا تی ہے وہ ملک یا معاشرے برباداورفناہوجاتے ہیں۔ پاکستان میں ہردوسراسیاستدان اقتدار کے پیچھے بھاگ رہاہے جب کہ اس دوڑمیں بیچارے عوام اوران کے جذبات واحساسات بری طرح روندے جارہے ہیں۔
تازہ ترین