• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری اسکول کی اے پی ایس میں تبدیلی کیخلاف رٹ، محکمہ تعلیم سے رپورٹ طلب

پشاور(نمائندہ جنگ) پشاور ہائیکورٹ نے جنوبی وزیرستان میں قائم سرکاری سکول کوآرمی پبلک سکول میں تبدیل کرنے کے خلاف دائر رٹ پر محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کرلی جسٹس اکرام اللہ خان اورجسٹس اعجاز انور پر مشتمل دورکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ایلمینٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن اورایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سید سکندرحیات شاہ بھی عدالت میں پیش ہوئے دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ جنوبی وزیرستان میں سرکاری سکول کوآرمی پبلک سکول میں تبدیل کردیا گیا جس سے غریب بچے تعلیم سے محروم ہوگئے ہیں جو فیسیں ادا نہیں کرسکتے جس پر جسٹس اکرام اللہ خان نے ریمارکس دیئے کہ اگر سکول آرمی پبلک کردیا گیا تو غریب کے بچے کہاں پڑھیں گے؟ ڈپٹی سیکرٹری نے بتایاکہ صوبے سمیت قبائلی اضلاع میں بھی ماڈل سکول بنائے جارہے ہیں تاکہ بہتر تعلیم دے سکیں جس پر جسٹس اکرام اللہ خان نے کہا کہ حکومت 50ماڈل سکول بنائے اس پر کوئی اعتراض نہیں لیکن غریب کہاں پڑھیں گے آپ نئے سکول بنائیں لیکن پرانے سکولوں کو ختم نہ کریں انہوں نے استفسارکیا کہ متعلقہ سکول کس نے بنایا تھا ؟ عدالت کو بتایا گیا کہ یہ سکول کئی سال قبل قائم کیا گیا تھا جو پولیٹکل ایجنٹ کی نگرانی میں چلایاجاتا تھاڈپٹی سیکرٹری نے سکول سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کیلئے وقت مانگا جس پر عدالت نے رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تازہ ترین