• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیف پارٹنر اتحا د کاچیئرنگ کراس پردھرنا،30مالکان گرفتار

لاہور( نمائندہ خصوصی ،خبر نگار) چیئرنگ کراس چوک میں پیف پارٹنراتحاد(سکول مالکان ) نےبجٹ کی بحالی کیلئے دھرنا دیا۔ 30کے قریب مالکان کو پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ پیف پارٹنرز کا کہنا ہے کہ ان کے فنڈز کی کٹوتیاں کی جارہی ہیں۔ اس موقع پرجماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکومت کوساڑھے سات ہزار سے زائد سکولوں میں زیر تعلیم25 لاکھ سے زائد طلباءکے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے - امیر العظیم نے کہا کہ 2 بار آڈٹ کے باوجود کوئی بےقاعدگی سامنے نہیں آئی لیکن حکومت مختلف حیلوں بہانوں سے پیف پارٹنرز کا بجٹ روکے ہوئے ہے جو پچاس فیصد کر دیا گیا ہے- جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے اور اب قوم کے نونہالوں کے مستقبل کو بھی تاریک کرنا چاہتی ہے-جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ذکر اللہ مجاہد نے سی سی پی او لاہور سے مطالبہ کیا کہ گرفتار کئے گئے اساتذہ کو فی الفور رہا کیا جائے - انہوں نے کہا کہ ہم پیف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ نہ صرف اس تحریک کو بڑھاوا دیں گے بلکہ دھرنے میں شامل افراد کو کھانے پینے سمیت تمام سہولتیں مہیا کریں گے - انہوں نے کہا کہ اب یہ دھرنا ختم نہیں ہو گا - قائدین جیسے ہی حکم کریں گے لاہور کی سڑکوں پر بھرپور احتجاج کیا جائےگا اور پھر وزیر تعلیم مراد راس نہ اپنے دفترمیں بیٹھ سکیں گے اور نہ سڑکوں پر پھر سکیں گے- پیف اور وزیر تعلیم کے دفتر کے باہر بھرپور احتجاج کیا جائے گا-
تازہ ترین