• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غفلت سے سینکڑوں اقلیتی خاندان امدادی رقوم سے محروم

پشاور( نیوز ڈیسک)قومی وطن پارٹی اقلیتی ونگ کے سربراہ اور ممبر فیڈرل کونسل اختر منیر نے محکمہ اوقاف و اقلیتی امور کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی غفلت اور لاپرواہی کی بدولت سینکڑوں اقلیتی خاندان امدادی رقوم کی چیکوں سے محروم رہ گئے ۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اقیلتی برادری کیلئے امدادی چیکوں کی منظوری کے بعد اس کی ترسیل کی ذمہ داری بھی متعلقہ محکمہ پر عائد ہوتی ہے لیکن انھوں نے غریب اور لاچار لوگوں کو امدادی رقوم کے چیکوں کی ترسیل یقینی بنانے کی بجائے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ضائع کردیا ۔انھوں نے کہا کہ چیکوں کی منظوری گزشتہ بجٹ میں ہوئی تھی جس کی رسائی تیس جون تک ممکن نہیں بنائی جاسکی ۔انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے اقلیتی ممبران اسمبلی اس کوتاہی میں برابر کے ذمہ دار ہیں انھوں نے تو اپنے چہیتوں کو نوازنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی اور سوشل میڈیا پر بغلیں بجا کر شو شے چھوڑ رہے ہیں کہ ہم اقلیتی برادری کی خدمت اور حقوق کیلئے بڑی جدوجہد کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف اور اقلیتی ممبران اسمبلی نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باقی 250اقلیتی برادری کے لوگوں کو اپنے حق سے محروم رکھ کر ان کے پیٹ میں چھرا گھونپا۔انھوں نے کہا کہ وزارت اقلیتی امور اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور اقلیتی برادری کے 250محروم افراد کو امدادی رقوم کی چیکوں کی فراہمی کو جلد از جلدیقینی بنائے۔
تازہ ترین