• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس کا ڈزنی لینڈ، کینیڈا کا سی این ٹاور عوام کیلئے کھل گئے


کورونا وباء کے سبب 4 ماہ سے بند پیرس کا ڈزنی لینڈ عوام کے لیے کھول دیا گیا، تاہم سیر کے لیے آنیوالوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا، جبکہ کینیڈا کا سی این ٹاور بھی سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

پیرس کا ڈزنی لینڈ کھلا تو لوگ گیتوں پر رقص کرتے داخل ہوئے، مکی ماؤس نے سیاحوں کا استقبال کیا تاہم سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا۔

یورپ میں لوگ سب سے زیادہ اسی تھیم پارک کا رخ کرتے ہیں، تاہم کورونا وباء کے سبب دیگر عوامی مقامات کی طرح یہ پارک بھی 4 ماہ سے بند تھا، تاہم اب یہاں آنیوالوں کے لیے ماسک پہننا اور ایک میٹر کا فاصلہ اختیار کرنا لازم ہوگا۔

واضح رہے کہ فلوریڈا میں بھی والٹ ڈزنی ورلڈ ہفتے کو کھول دیا گیا تھا۔

دوسری جانب کورونا وباء کا زور ٹوٹنے پر کینیڈا کا مشہور سی این ٹاور بھی سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے، 1976ء میں بنایا گیا یہ ٹاور ریلوے کمپنی کینیڈین نیشنل کے نام پر قائم ہے اور یہ 2007ء تک دنیا کا سب سے بلند ٹاور تھا۔

ہر سال 20لاکھ افراد اس سے شہر کا نظارہ کرنے آتے ہیں، تاہم سماجی فاصلوں کے سبب محدود افراد کو بالائی منزل آنے کی اجازت ہے۔

تازہ ترین