• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسروں کی غلطیوں سے پہلے خود کی کوتاہیوں پر نظر ڈالیں، زائرہ وسیم

بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ زائرہ وسیم کا کہنا ہے کہ دوسروں کی غلطیوں سے پہلے خود کی کوتاہیوں پر نظر ڈالیں۔

گزشتہ سال اسلام کی خاطر فلمی دُنیا کو خیرباد کہنے والی زائرہ وسیم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے لیے ایک معنی خیز پیغام جاری کیا ہے۔

ٹوئٹر پر زائرہ وسیم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آئیے دوسروں کی غلطیوں کے بارے میں بات کرنے سے پہلے ہم خود کی کوتاہیوں پر نظر ڈالیں۔‘

زائرہ وسیم نے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ ہمیں ہماری زبان سے صرف اُس کا ذکر کرنے کی توفیق عطا کرے اور ہمیں بُرائی کے اِس شر سے دور رہنے کی توفیق عطا کرے آمین۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ’اور اللّہ تعالیٰ ہمیں توبہ کرنے کی خاطر اُس کی طرف رجوع کرنے کی بھی توفیق عطا کرے آمین۔‘

یاد رہے کہ اِس سے قبل زائرہ وسیم نے اپنے مداحوں کو اُن کی تعریف کرنے سے روکتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اُن کے ایمان کے لیے خطرناک ہے۔

زائرہ وسیم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھاکہ ’میں اِس بات کا اعتراف کرتی ہوں کہ بہت سے لوگ مجھ سے محبت کرتے ہیں لیکن میں اِس بارے میں نہیں بتا سکتی کہ میرے لیے یہ تمام تعریفیں تسّلی بخش نہیں ہیں، یہ تمام محبتیں میرے لیے ایک بہت بڑا امتحان ہے اور یہ میرے ایمان کے لیے بھی خطرناک ہیں۔

اُنہوں نے لکھا تھا کہ میں آپ سب سے گزارش کرتی ہوں کہ مہربانی کرکے میری تعریف نہ کیا کریں اور اللّہ تعالیٰ سے دُعا کرتی ہوں وہ میری اُن تمام غلطیوں کو نظر انداز کردے جو ان گنت ہیں اور میرے دل کو رحمت اور تقویٰ کی روشنی سے روشن کردے اور میرے ایمان کو مزید بڑھا دے۔

واضح رہے کہ زائرہ وسیم نے گزشتہ سال مذہب کی خاطر فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ زائرہ وسیم نے 2015 میں اداکار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

تازہ ترین