• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مون سون میں جلد کی حفاظت کیلئے مفید ٹپس

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون موسم کے آتے ہی پیٹ اور جلد سے متعلق متعدد بیماریاں پھوٹتی ہیں جن سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانا لازمی ہے ۔

ماہرین جلدی امراض کے مطابق مون سون موسم کے دوران اپنی جلد کی صفائی کے لیے خصوصاً چکنی جلد رکھنے والے افراد کو ضرور وقت نکالنا چاہیے، مون سون کا موسم اپنے ساتھ جلد کی کئی شکایات لے کر آتا ہے ، اس دوران عام روٹین سے ہٹ کر اپنی جلد کو موسمی انفیکشن اور کیل مہاسوں سے بچانے کے لیے خصوصی اقدامات کریں ۔

ماہرین کے مطابق مون سون موسم نارمل اور خشک جلد والوں کے لیے اتنا خطرناک ثابت نہیں ہوتا ہے کہ جتنا چکنی جلد والوں کے لیے ، مون سون موسم میں جنہیں ایکنی کی شکایت پہلے سے ہو وہ مزید پریشان نظر آتے ہیں کیونکہ نمی کے سبب ایکنی زیادہ ہو جاتی ہے اور چہرے پر پھیل جاتی ہے ۔

بارشوں کے دوران اپنی جلد کو بار بار کسی اچھے یا معالج کے تجویز کردہ فیس واش سے منہ دھوئیں اور اپنی مجموعی صفائی کا خاص خیال رکھیں ، مزید مون سون موسم کے اثرات سے اپنی جلد کو بچانے کے لیے مندرجہ ذیل تجاویز پر سختی سے عمل کریں ۔

خود کو پر سکون رکھنے کی کوشش کریں اور پانی زیادہ پئیں ۔

جسم کا درجہ حرارت بڑھنے سے جلد کے مسام اضافی تیل خارج کرنے لگتے ہیں، اس دوران کیفین والے مشروبات جیسے کہ چائے ، کافی ، کاربونیٹڈ واٹر اور مسالے والی غذاؤں سے اجتناب کریں۔

اپنے پاس ہر وقت ٹشو پیپر رکھیں ، اپنی چہرے کی جلد پر آنے والا پسینہ اور اضافی تیل ٹشو پیپر سے صاف کریں ۔

اسکرب کرنا جلد کی صحت کے لیے ایک بہترین عمل ہے، مگر آئلی اسکن والے افراد مون سون کے دوران اسکرب کرنے سے اجتناب کریں، ہفتے میں زیادہ سے زیادہ 2 بار کر سکتے ہیں ۔

کھلے مساموں کو بند کرنے کے لیے پھٹکری کا پانی بنا کر 15 منٹ کے لیے روئی کی مدد سے چہرے پر لگایا جا سکتا ہے۔

خشک جلد والے افراد گھر سے باہر جاتے ہوئے کسی اچھے اور لائٹ کم چکناہٹ والے موسچرائزر کا استعمال کر سکتے ہیں جبکہ آئلی اسکن والے ایلویورا جیل لگا سکتے ہیں ۔

آئلی اسکن والے افراد مون سون کے دوران کسی بھی قسم کی بی بی کریم یا موسچرائزنگ لوشن سے اجتناب کریں ، میک اپ کم سے کم لگائیں ۔

چکنی جلد والے افراد دن میں 2 سے 3 بار ’ سیلیسائیلک ایسڈ‘ والے فیس واش سے اپنا چہرہ دھوئیں اور برف سے چہرے پر مساج کریں ۔

اس موسم میں ایسا ٹونر جس میں ٹی ٹری آئل  بھی شامل ہو جلد پر لگایا جا سکتا ہے ، یہ مفید ثابت ہوگا ۔

اسکن کو کسی بھی صورت میں موسچرئز لازمی کرنا چاہیے، مگر مون سون موسم میں یہ جلد کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ، مون سون کے دوران آئلی جلد والے افراد ایلوویرا جیل براہ راست اپنے چہرے پر لگا سکتے ہیں جبکہ خشک اور نارمل جلد والے افراد جلد کو موسچرائز کرتے ہوئے کسی لائٹ اور کم گریس والے موسچرائز کا استعمال کر سکتے ہیں۔  

تازہ ترین