• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان کی بڑی کاروباری شخصیت کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان

جاپان کے بڑے کاروباری کنسورشیم نے پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ۔

جاپان میں پاکستان کے سفیر امتیاز احمد سے ملاقات کے موقع پر کنسورشیم میں شامل کمپنیوں سیفران گروپ اور جاپان کمیونیکیشن گروپ کے سربراہان نے اپنے فیصلے سے سفیر پاکستان کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کنسورشیم پاکستان میں فنانشل ٹیکنالوجی میں بھاری سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے جس سے پاکستان میں موبائل فون سے رقم کی ترسیلات میں نہ صرف سیکیورٹی میں اضافہ ہوگا بلکہ جدید ترین ٹیکنالوجی بھی پاکستان منتقل ہوسکے گی۔

ملاقات میں جاپان کمیونیکیشن گروپ کے سربراہ NaoHisa Fukuda ، برین اینڈ کیپیٹل ہولڈنگ کے سربراہ Hiroyuki Sawada , k جبکہ CLIMB Co ltd کے ڈائریکٹر Osamu kanai اور سیفران گروپ کے سربراہ مرزا آصف بیگ موجود تھے۔

اس موقع پر سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کنسورشیم کے شرکاہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فیصلے کو خراج تحسین پیش کرتےہوئے کہا کہ حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کاروبار میں آسانی کے لیے بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ کاروبار میں آسانی فراہم کرنے والے ممالک میں پاکستان کی پوزیشن میں واضح بہترین آئی ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ جاپانی سرمایہ کاری سے نہ صرف پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کی افرادی قوت کو بہترین اور جدید تربیت بھی میسر آسکے گی۔

سفیر پاکستان امتیاز احمد نے جاپانی سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ پاکستان کی نوجوان اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق افرادی قوت انتہائی ذہین اور محنتی نوجوانوں پر مشتمل ہے جس نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، ہمیں اعتماد ہے کہ جاپانی کاروباری ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کے زریعے بہترین فوائد سے مستفید ہوسکیں گے۔

اس موقع پر سفیر پاکستان نے روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ جاپانی آئی ٹی کے ادارے پاکستان میں نہ صرف سرمایہ کاری کرسکیں بلکہ پاکستان کی افرادی قوت کو جاپان میں بھی زیادہ سے زیادہ ملازمت کے مواقع میسر آسکیں جس کے لیے وہ روز ہی جاپان کے مختلف اور مععروف کاروباری اداروں کے سربراہان اور نمائندوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کہا کہ حکومت جاپان کی جانب سے پاکستان سے افرادی قوت جاپان منگوانے کے لیے نئی پالیسی سے نہ صرف جاپانی کمپنیوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے بلکہ جاپان میں کام کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کو بھی اپنے پاکستانی بھائیوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے چاہیں۔

تازہ ترین