• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی کے، 4 ماہ کے تعطل کے بعد انسداد پولیو مہم بحال


خیبرپختونخوا میں 4 ماہ کے تعطل کے بعدپانچ روزہ انسداد پولیو مہم بحال کردی گئی ہے۔

کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں 78 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

کوآرڈینیٹر ای او سی عبدالباسط نے کہا کہ عالمی وبا کورونا کے باعث 19 مارچ سے انسداد پولیو مہم معطل کی گئی تھی، مہم میں پولیو ورکرز کی 609 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

مہم کے دوران سماجی فاصلے سمیت ایس او پیز کا خیال رکھا جا رہا ہے، اس کے علاوہ پولیو ورکرز کو ماسک، ہینڈ سینیٹائزر اور دیگر حفاظتی سامان بھی دیا گیا ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹرعبدالباسط نے کہا کہ علیل اور 50 سال سے زائد عمر کے پولیو ورکرز مہم میں حصہ نہیں لے رہے، والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں بھرپور تعاون کریں۔

دوسری جانب کوئٹہ کی 10 یونین کونسلوں میں بھی انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہورہی ہے، مہم کے دوران 1لاکھ 10ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق انسداد پولیو مہم میں 541 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ 

تازہ ترین