• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپین دارالحکومت برسلز میں جاری یورپین یونین کی خصوصی سمٹ کسی فیصلے پر نہ پہنچنے کے سبب  آج چوتھے دن بھی جاری ہے، برسلز میں تمام 27 یورپین ممالک کی قیادت ذاتی حیثیت میں شریک ہے۔

 سمٹ کے ایجنڈے میں بنیادی طور پر دو نکات گفتگو کا موضوع تھے، جن میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والے مالی نقصان کے بعد یونین کی معاشی بحالی کا 750 ارب یورو کے فنڈ کی تقسیم اور یورپین یونین کا 2021-27 کیلئے 1 اعشاریہ ایک کھرب کا طویل المدتی بجٹ شامل ہیں، ان دونوں حوالوں سے یونین کے ممبر ممالک میں شدید اختلاف پایا جاتا ہے ۔

نیدرلینڈز کا اصرار ہے کہ اٹلی، اسپین اور پر تگال کو کوویڈ 19 کے بعد معاشی بحالی کیلئے فنڈز اس وقت تک نہ دئیے جائیں جب تک وہ اپنے ہاں معاشی اصلاحات نہ کر لیں، اس مطالبے میں اس کے ساتھ جنوبی یورپ کے ممالک آسٹریا، فن لینڈ، سویڈن اور ڈنمارک بھی شامل ہوگئے ہیں۔

ان ممالک کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاشی بحالی کیلئے گرانٹس کی رقم کو 500 ارب یورو سے کم کیا جائے اور لانگ ٹرم قرضوں کی مقدار کو 250 ارب سے 350 ارب یورو کردیا جائے۔

دوسری جانب کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ممالک کا کہنا یہ ہے کہ ان باتوں کا یہ مناسب وقت نہیں، اگر اس وقت یہ کام شروع کیا گیا تو ہمارے عوام یورپین یونین کے بنیادی تصور ہی کے خلاف ہوجائیں گے ۔

علاوہ ازیں اس سمٹ میں لیڈرز کے درمیان اختلاف کی ایک اور اہم وجہ ایجنڈے میں ’قانون کی عملداری‘ کا لفظ بھی ہے ۔

مشرقی یورپین ممالک ہنگری اور پولینڈ اس لفظ کے مخالف ہیں، وہ اسے اپنی حکومتوں کے خلاف چارج شیٹ سمجھتے ہیں ۔

انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر اس شق پر زیادہ اصرار کیا گیا تو وہ سمٹ کے فیصلوں کو ویٹو کر دیں گے جبکہ مغربی یورپین لیڈر ان ممالک کے حکومتی اقدامات کو جمہوریت کی بنیادی روح کے خلاف ہونے کا الزام عائد کرتے ہیں۔

اسی حوالے سے یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے پیغام میں سوال کیا ہے کہ کیا 27 یورپین ممالک کی قیادت یورپین اتحاد اور اعتماد کی بحالی کرنے کے قابل ہیں؟

یاد رہے کہ یہ اجلاس 17- 18 جولائی کیلئے طلب کیا گیا تھا لیکن کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکنے کے سبب اسے مزید ایک دن کیلئے بڑھایا گیا جس میں مزید ایک دن کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ یورپین کونسل اور کمیشن کی جانب سے کورونا وائرس کے بعد 750 ارب یورو کا معاشی بحالی کا جو پلان ترتیب دیا گیا ہے اس میں 500 ارب کی امداد اور مختلف سیکٹرز کیلئے 250 ارب یورو کے قرض شامل ہیں

تازہ ترین