• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کندھ کوٹ: عوام آلودہ پانی خرید کر پینے پر مجبور


ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ کے عوام پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں، واٹر سپلائی اسکیم نہ ہونے سے لوگ آج بھی آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔

کندھ کوٹ کی آبادی 4 لاکھ ہونےکے باوجود شہری آج بھی صاف پینے کے پانی کی سہولت سےمحروم ہیں، منتخب نمائندے بھی عوام کے لیےکچھ نہ کرسکے۔

شہری مضافاتی علاقوں سے گدھا گاڑی کے ذریعے آلودہ پانی مہنگے داموں خریدتے ہیں، جس کے باعث اکثر شہری پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا رہتے ہیں۔

تیس سال قبل 50 ہزار آبادی کے لئے تعمیر ہونے والی واٹر سپلائی اسکیم تباہ ہوچکی ہے، لیکن اس کےباوجود میونسپل کارپوریشن کندھ کوٹ کا عملہ تعینات تو ہے اور تنخواہیں بھی وصول کررہا ہے لیکن صاف پانی دینے میں ناکام ہے۔

چیئرمین کارپوریشن سے رابطہ کیا تو انہوں نے کوئی بھی موقف دینے سے ہی انکار کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر کشمور منوہر علی مٹھیانی کا کہنا ہے کہ نئی واٹر سپلائی اسکیم کے لئے سندھ حکومت کو آگاہ کردیا ہے، جلد کندھ کوٹ میں نئی واٹر سپلائی اسکیم کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ نے تو سندھ حکومت کو آگاہ کرکے ہاتھ جھاڑ لیے ہیں، لیکن میونسپل کارپوریشن والےتو بات کرنے کے لئے ہی تیار نہیں، شہریوں کو صاف پینے کا پانی کب میسر آئے گا، یہ ایک اہم سوال ہے۔

تازہ ترین