• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دفتر میں کام کے دوران آسانی سے کی جانے والی ورزشیں

عالمی وبا کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران متعدد انڈسٹریز کا گھروں سے کام جاری ہے، اس دوران گھر سے کام کرنے والے افراد میں غیر متحرک اور غلط انداز میں گھنٹوں بیٹھے رہنے کی وجہ سے گردن اور کندھوں میں درد کی شکایت بڑھ رہی ہے جس کا علاج گھر میں ہی چند منٹوں میں کیا جا سکتا ہے ۔

طبی ماہرین کے مطابق 8 سے 10 گھنٹے بیٹھے رہنا صحت کے لیے نہایت غیر مناسب ہے، گھنٹوں بیٹھے رہنے سے کمر، گردن اور کندھوں میں درد کی شکایت کے ساتھ وزن میں اضافہ اور دل کے عارضے میں مبتلا ہونے جانے کے خدشات کئی گناہ بڑ جاتے ہیں ۔

چاہے گھر میں دفتر کا کام کر رہے ہوں یا دفتر میں ہی موجود ہوں، دونوں صورتوں میں سب سے زیادہ اہم آپ کی صحت ہے، طبی ماہرین متحرک زندگی گزارنا تجویز کرتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق دفتری کام کے دوران ہر 30 منٹ بعد اپنی نشست سے اٹھیں اور کم از کم 2 سے 3 منٹ چہل قدمی کریں، ایسا کرنے سے آپ خود کو تروتازہ محسوس کریں گے جس سے کام کی کارکردگی بھی بہتر ہوگی اور صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔

چہل قدمی سمیت اپنی نشست سے بغیر اٹھے گردن اور کندھوں میں درد کی شکایت سے نجات حاصل کرنے کے لیے مندرجہ ذیل ورزشیں کی جا سکتی ہیں :

اپنی نشست پر کمر سیدھی کر کے بیٹھ جائیں ، اب اپنا سر دائیں جانب موڑیں اور دو سیکنڈ بعد آہستہ سے بائیں جانب موڑیں ، اس عمل کو متعدد بار دہرائیں۔

اپنے سر کو بائیں جانب کی جھکائیں اور دائیں جانب کے گردن کے پٹھوں کو آہستہ آہستہ کھینچیں ، 5 سیکنڈ تک گردن کے پٹھوں میں کھنچاؤ رکھیں اور آہستہ سے گردن سیدھی کر لیں ، اب یہی عمل بائیں جانب دہرائیں ۔

کندھوں کی درد سے بچنے کے لیے اپنے بازوؤں کو موڑ لیں، ہاتھوں کو سینے کی سمت رکھیں اور کہنیوں کو پیچھے کی جانب لے جائیں اور پٹھوں کو کھینچیں (اسٹریچ کریں) ، 5 سیکنڈ تک اس عمل کو جاری رکھیں ۔

نشست پر بنا ٹیک لگائے کمر سیدھی کر کے بیٹھ جائیں ، اب صرف اپنے کندھوں کو آہستہ آہستہ گولائی میں آگے کی جانب حرکت دیں، اس عمل کو 5 سیکنڈ کریں اور اب اسی طرح کندھوں کو پیچھے کی جانب گولائی میں گھمائیں ۔

اپنی دائیں بازو کو آگے کی جانب سیدھا کریں ، اب بائیں بازو کی مدد سے دائیں بازو کو سینے کی جانب لائیں اور اسے اپنی جانب کھینچیں ، کھنچاؤ اتنا رکھیں کے کندھے میں کھنچاؤ محسوس ہو، اس عمل کو 5 سیکنڈ تک جاری رکھیں اور اس کے بعد بائیں بازو کے ساتھ بھی یہی عمل دہرائیں ۔

اپنی بازو کو سینے کی سطح پر رکھتے ہوئے سیدھا کر لیں، اب دوسرے ہاتھ سے ہاتھ کی انگلیوں کو اپنی جانب موڑیں، اس طرح سے باز و کی کلائی میں کھنچاؤ پیدا ہوگا جس سے خون کی ترسیل تیز ہوگی اور پٹھے متحرک ہو جائیں گے ، درد کی شکایت میں کمی آئے گی ۔

اپنی مٹھی کو مضبوطی سے 5 سیکنڈ کے لیے بند کریں، 5 سیکنڈ بعد آہستہ آہستہ اپنی انگلیوں کو کھو لیں اور ہاتھ کو پر سکون ہونے دیں، اس عمل کو 5 بار دہرائیں ۔

تازہ ترین