• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی سے آنیوالے دو مسافر اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار، لاکھوں مالیت کا سامان برآمد

کسٹمز کلکٹریٹ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے دبئی سے آنے والے 2 مسافروں کو گرین چینل کے ذریعے بڑے پیمانے پر الیکٹرانک سامان اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

ملزمان کا کہنا ہے کہ انہیں دبئی سے واپسی کے ٹکٹ کے عوض ایک شخص نے یہ سامان دیا تھا۔ سامان کی ابتدائی مالیت کا تخمینہ 88 لاکھ روپے ہے، اسمگلنگ کرانے والے 3 افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔

کسٹمز ترجمان کے مطابق ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ارائیول ہال پر تعینات عملے نے دبئی سے آنے والی پرواز Pk 9208 کے مسافروں کی کلیئرنس اور چیکنگ کے دوران دو پاکستانی مسافروں بنام محمد عتیق اور محمد عارف کو زیادہ سامان ہونے پر روکا یہ مسافر گرین چینل کی سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے سامان کے ہمراہ بغیر اسکیننگ کے ہال سے باہر جا رہے تھے۔

کسٹمز کے عملے نے روکنے کے بعد ان سے سامان کے بارے دریافت کیا کہ ان کے سامان میں کوئی ممنوعہ یا قابل ادائیگی ڈیوٹی سامان موجود ہے یا نہیں؟   جس پر مسافروں نے اس قسم کے کسی سامان کی موجودگی سے یکسر انکار کر دیا۔ جس پر مسافروں کے سامان جو کہ 4 کارڈ بورڈ کارٹنز اور 2 شولڈر بیگز پر مشتمل تھا اس کی بیگیج اسکیننگ مشین سے اسکینگ کی گئی تو مسافروں کے سامان میں لیپ ٹاپس، موبائل فونز، موبائل ایسیریز اور دیگر الیکٹرانک مصنوعات کی نشاندہی ہوئی۔

اس کے بعد ان دونوں مسافروں کا سامان تفصیلی معائنہ کے لئے کسٹمز کے ایگزامینیشن کاؤنٹر پر منتقل کرکے مسافروں کی موجودگی میں کھولا گیا، اور تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی جسکے نتیجہ میں متفرق الیکٹرونک اشیاء، پرفیومز ، لیپ ٹاپس، سیمسنگ ٹیبلیٹس، ایپل اسمارٹ واچز، رسٹ واچز ،ایپل میک بکس،ائیر پوڈز ،پروجیکٹرز،آئی پیڈز، موبائل ٹیبلیٹس، موبائل فونز، ایپل آئی فونز اور موبائل ایسیریز برآمد ہوئیں۔

اشیاء کی مجموعی مالیت 88لاکھ 86 ہزار روپے ہے مسافروں کے ابتدائی اقبالی بیان کے مطابق ان کے دبئی سے کراچی واپسی کے ہوائی ٹکٹس کراچی میں مقیم ارسلان قریشی نامی شخص نے مذکورہ سامان اپنے ہمراہ لانے کے عوض بنوا کردیے تھے، اور بتایا تھا کہ سامان ہمیں دبئی ائیرپورٹ پر مل جائیگا۔

پلان کے عین مطابق ہماری دبئی سےکراچی روانگی کے وقت دبئی ائیرپورٹ پر ایک نامعلوم شخص نے مذکورہ سامان ہمارے حوالےکیا اور ہدایت کی کہ مذکورہ تمام سامان ارسلان قریشی، وقاص اور شوکت نامی افراد کا ہے جو کہ کراچی ائیرپورٹ کے باہر موجود ہوں گے، وہ یہ سامان خود ہم سے وصول کرلینگے۔

برآمد شدہ سامان کو قانون کے مطابق ضبط کرلیا گیا ہے اور دونوں مسافروں کےخلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے باضابطہ گرفتار کرلیا ہے اور گرفتار ملزمان کےاقبالی بیان کی روشنی میں سامان منگوانے والے تینوں افراد کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔

دیگر ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنےکی بھر پور کوششیں کی جاری ہیں تاکہ ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جاسکے دونوں گرفتار ملزمان کا مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش کی جاری ہے۔

تازہ ترین