• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، نماز عید پر مکمل پابندی، تمام مساجد اور مزارات بھی بند رہیں گے، سرینگر کو مکمل سیل کردیا گیا

مقبوضہ کشمیر، نماز عید پر مکمل پابندی


سری نگر،نئی دہلی(ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی حکومت نے عیدالاضحی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کی مساجد بند رکھنے اور نماز عید کے اجتماعات پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے، تمام مساجداور مزارات بھی بند رہیں گے، سرینگر کو مکمل سیل کر دیا گیا، لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے اور سزا میں بھی اضافہ کر دیا گیا،فورسز کی جگہ جگہ ناکہ بندی ، سڑکوں پر خار دار تاریں بچھا دیں، دکانیں،کاروباری و تجارتی مراکز مکمل مقفل، لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے اور سزا میں اضافہ کردیا گیا،۔تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے عیدالاضحی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کی مساجد بند رکھنے اور نماز عید کے اجتماعات پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ سری نگر میں ڈویژنل کمشنر ، کشمیر ، پی کے پول کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا۔ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ کورونا کی احتیاطی تدابیر کے سلسلے میں کیا گیا ۔کے پی آئی کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ عید کے روز تمام مساجد / مزارات بند رہیں گے ۔فورسز اور پولیس اہلکاروں نے پورے شہر میں جگہ جگہ ناکہ بندی کر د ی ہے جبکہ سڑکوں پر خار دار تاروں کو بچھایا گیا ہے ۔ سرینگر میں دکانیں،کاروباری و تجارتی مراکز مکمل طور پر مقفل ہیں۔ شہر میں جابجا سڑکوں کو سیل کردیا گیا ہے ۔انتظامیہ نے لاک ڈان کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے اور سزا میں بھی اضافہ کیا ہے۔ پبلک مقامات پر ماسک نہ پہننے کے جرمانے کو بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ ریڈ زون علاقوں میں سماجی دوری کی خلاف ورزی کرنے والوں کا جرمانہ بڑھا کر دس ہزار روپے کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین