• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 اگست کو بھارت کیخلاف 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی جائیگی: معید یوسف


وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے نیشنل سیکیورٹی معید یوسف کہتے ہیں کہ گزشتہ برس 5 اگست کے دن کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ہوا، اس قبضے کے خلاف اس سال 5 اگست کو صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، سائرن بجائے جائیں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے نیشنل سیکیورٹی معید یوسف نے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز اور وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر معید یوسف نے کہا کہ اس سال 5 اگست کو بھارتی استحصال کو ایک سال مکمل ہو جائے گا، اس لیے اس سال یہ دن یومِ استحصال کے طور پر منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کا اسپانسرڈ ملک ہے، ہم مقبوضہ بھارتی کشمیر کہتے ہیں جو درست نہیں، اس علاقے پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہے اس لیے اسے صرف مقبوضہ کشمیر کہنا چاہیے۔

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی 5 اگست کو اسلام آباد میں کشمیر اظہارِ یک جہتی مارچ کی سربراہی کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اسی روز آزاد کشمیرمیں وزیرِ اعظم اور صدر آزاد کشمیر مارچ میں شرکت کریں گے، وزیرِ اعظم عمران خان بھی مارچ میں شریک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: بھارتی فاشزم نئی بلندیوں پر پہنچ چکا ہے، معید یوسف

معید یوسف نے عوام سے اپیل کی کہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے، عوام 3، 4 اور 5 اگست کو ہمارا ساتھ دیں، ان 3 دنوں میں میڈیا اور چینلز پر اس ایشو کے علاوہ کوئی اور چیز نمایاں نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت پر 4 اور 5 اگست کی شب کشمیر کی پروجیکشن کریں گے، 4 اگست کو وزیرِ اعظم عمران خان اس ضمن میں مزید فیصلوں سے آگاہ کریں گے۔

تازہ ترین