• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں یوم تحفظ ناموس صحابہؓ و اہلبیتؓ منایا گیا

ملتان (نمائندہ جنگ) تمام مکاتب فکر کے ممتاز علما کرام، مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا مفتی منیب الرحمٰن، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک سمیت دیگر اکابرین کی اپیل پر ملک بھر میں یوم تحفظ ناموس صحابہؓ و اہلبیتؓ منایا گیا، مساجد کے آئمہ و خطبا نے صحابہ کرامؓ، اہل بیت اطہارؓ، خلفا راشدینؓ، امہات المومنینؓ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی چاروں صاحبزادیوںؓ کے فضائل و مناقب اور کردار و خدمات پر روشنی ڈالی۔ ملک بھر کی مساجد کے ائمہ و خطبا نے مقدس ہستیوں کی توہین اور گستاخی کے عمل کو روکنے کے لیے موثر قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب اسمبلی سے پاس کیے گئے تحفظ بنیاد اسلام بل پر گورنر پنجاب فی الفور دستخط کریں اور گستاخ عناصر کے دباو میں نہ آئیں۔ اس موقع پرکراچی میں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر، مولانا امداد اللہ، ملتان میں مولانا محمد حنیف جالندھری، راولپنڈی میں مولانا قاضی عبدالرشید، اسلام آباد میں مولانا ظہور احمد علوی، مولانا نذیر فاروقی، لاہور میں مولانا فضل الرحیم، گوجرانوالہ میں مولانا زاہدالراشدی، پشاور میں مولانا حسین احمد، شجاع آباد میں مولانا زبیر احمد صدیقی، ایبٹ آبادمیں مولانا حبیب الرحمٰن صدیقی، بنوں میں مولانا اصلاح الدین حقانی، کوئٹہ میں مولانا صلاح الدین اور ملک بھر کی دیگر مساجد میں آئمہ و خطبا نے حضرات صحابہ کرامؓ، اہل بیت اطہارؓ، امہات المومنینؓ، خلفائے راشدینؓ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بنات طاہراتؓ کے فضائل و مناقب اور کردار و خدمات پر روشنی ڈالی۔

تازہ ترین