• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبہ بھر میں سستے داموں آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، سیکرٹری خوراک

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک خیبر پختونخوا کے سیکرٹری خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں سستے داموں آٹے کی فراہمی کو یقینی بنادیا گیا ہے جس کے لئے تمام اضلاع میں سنٹرز قائم کردیئے گئے ہیں تاکہ صوبے بھر کے عوام کو گھر کی دہلیز پر سستے داموں آٹے کی فراہمی ممکن ہو میڈیا گفتگو کررتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ سرکاری نرخنامے کو نظر انداز کرنے اور مصنوعی بحران پیدا کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے سمیت فلور ملز کو بند کیا جائے جس پر من و عن عمل کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف پشاور میں شہریوں کو 860 روپے میں آٹے کا تھیلہ فراہم کرنے کے لئے سیل پوائنٹس میں اضافہ کردیا گیا جس کے تحت ضلع بھر میں 173 مقامات پر سرکاری آٹے کی فراہمی کی جا رہی ہے اسی طرح صوبے کے دیگر اضلاع میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز ‘ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹرز کی نگرانی میں سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں اور عوام کو سستے داموں آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ قبل ازیں محکمہ خوراک کے راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم فلور ملوں کے دورے کئے اور ڈیلروں سے نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے فلور ملز مالکان کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری نرخوں کے مطابق آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں جبکہ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔
تازہ ترین