• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کےخلاف عید کے دوسرے روز بھی احتجاج


جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف عید کے دوسرے روز بھی ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔

لاہور میں ڈیوس روڈ پر لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں سینیئر صحافیوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے آزادی صحافت اور میر شکیل الرحمٰن کے حق میں نعرے بازی کی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

پشاور میں احتجاجی مظاہرہ جنگ، دی نیوز اور جیو کے دفاتر کے سامنے کیا گیا۔ مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے حق میں نعرہ بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

کوئٹہ میں احتجاج جنگ بلڈنگ کے باہر کیا گیا۔ مظاہرے میں جیو ٹی وی کے کارکنوں نے شرکت کی۔ کارکنوں نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

سکھر میں پریس کلب پر احتجاج کیا گیا۔ احتجاج میں صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے پارٹی کارکنان سمیت خصوصی شرکت کی۔ احتجاج میں پی ایف یو جے کے مرکزی نائب صدر لالا اسد سمیت صحافی برادری بھی موجود تھی۔ 

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ میرشکیل الرحمٰن کو بغیر قانونی تقاضوں کے بلاجواز گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں امید ہے عدالت سے انصاف ملے گا۔

بہاولپور میں پریس کلب پر صحافیوں کی جانب سے احتجاجی دھرنا اور علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہا۔ سینیئر صحافی امین عباسی، راشد ہاشمی، امین باسط، آصف کبیر، امجد محمود، سید عدنان علی، سید مجید ہاشمی، ثقلین شاہ اور دیگر شریک ہوئے۔ شرکاء نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

نواب شاہ میں سول سوسائٹی نے کلاتھ مارکیٹ کے سامنے احتجاج کیا۔ سول سوسائٹی کے رہنما صفر علی اعوان نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت کی۔

تازہ ترین