• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایل اوسی پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایل اوسی پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کی عظمت، ہمت اور جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور معاون خصوصی معید یوسف لائن آف کنٹرول پہنچ گئے، ایل او سی پر عسکری حکام نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بریفنگ دی۔

اس دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم کو ان جری سپوتوں کی جواں مردی اور بہادری پر فخر ہے، ایل اوسی پر نہتے کشمیریوں پر بھارت کی جانب سے بلاجواز فائرنگ کی جاتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایل اوسی پر کشمیریوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بھارت کی جانب سے مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہوتی ہے، کشمیریوں نے 5 اگست کے اقدام کو مسترد کردیا ہے۔

اس سے قبل اپنے بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایل او سی پر جارہے ہیں، میڈیا نمائندوں اور عسکری حکام کے ساتھ ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر کا دورہ کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی میڈیا نمائندوں کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں اور شہری علاقوں کو نشانہ بنائے جانے کے شواہد کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیرخارجہ مظفرآباد بھی جائیں گے جہاں آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ 

تازہ ترین