• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے قیام کو 70 سال مکمل ہوگئے


پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے قیام کو 70 سال مکمل ہوگئے۔ پی ایف یو جے کا 70 واں یوم تاسیس بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں تمام حلقوں، ریجنل یونینز اور پریس کلبز میں رواں ماہ سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد ہوگا۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے اعلامیے کے مطابق تقریبات میں آزادی اظہار رائے کے لیے پی ایف یو جے کی کوششوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق پی ایف یو جے کی تقریبات کی جھلکیوں میں 40 صفحات پر مشتمل کتاب بھی شامل ہے، کتاب میں آزاد پریس کی جدوجہد کا حصہ رہنے والے تجربے کار صحافیوں اور دیگر کی تحریریں شامل ہیں۔

پی ایف یو جے کے اعلامیے کے مطابق کتاب کی تدوین سابق سیکرٹری پی ایف یو جے مظہر عباس کی قیادت میں کی گئی ہے اور اس میں پی ایف یو جے کے مشعل بردار ایم اے شکور، اسرار احمد، منہاج برنا اور نثار عثمانی پر ابواب شامل ہیں۔

کتاب میں صحافیوں کی معاشی حالت اور کام میں بہتری کے لیے اقدامات کا ذکر کرنے کے ساتھ 1970، 1978 اور2007 کی مہمات کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ صحافیوں نے نہ صرف جسمانی بلکہ معاشی مشکلات کا سامنا کیا، آج صحافی کمیونٹی اور میڈیا ورکرز شدید مالی بحران کا شکارہیں۔ صحافیوں کو ملک بھر میں سنسرشپ اور پریس ایڈوائس کے مسائل کا سامنا ہے۔ پی ایف یو جے صحافیوں کی مشکلات کے حل کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

تازہ ترین