• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عیدالاضحی پر شہر کو صاف رکھنے میں ناکام

ملتان (سٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ اور ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کی صفائی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے بلند وبانگ دعوے کئے گئے ہیں مگر کمپنی انتظامیہ 68یونین کونسلوں کو مکمل طور پر صاف ستھرا کرنے میں ناکام نظر آئی، شہر کی اہم شاہراہوں،پوش علاقوں اور مخصوص علاقوں میں تو صفائی ستھرائی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے مگر شہر کے مضافاتی علاقوں عثمان آباد،پیر کالونی،لوہار کالونی،سنٹرل جیل سے ملحقہ کالونیاں، نیاز ٹاؤن،المصطفیٰ ٹاؤن،نیل کوٹ، پیپلز کالونی، چین ماڑی،ودیگر علاقوں میں صفائی اور آلائشیں بدستور موجود رہیں، اسی طرح شہریوں کو آلائشوں کیلئے فراہم کردہ ان گریڈ ایبل شاپر بھی غیر معیاری نکلے جو بھاری بھرکم آلائشوں کو بوجھ برداشت نہ کرسکے اور پھٹ گئے، اسی طرح کمپنی کے سینٹری ورکرز نے کمپنی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کئے جانے والے کھانے کو بھی غیر معیاری قرار دیا ہے، دو ورکروں کو ایک پانی کی بوتل فراہم کی گئی اور باقی بوتلیں انسپکٹراور سپروائزر اپنے ساتھ لے گئے۔سینٹری ورکرز کا کہنا تھا کہ سپروائزروں کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کی وہ گھر سے ماسک لگا کرآئیں جبکہ کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ ماسک بھی انھیں فراہم نہیں کئے گئے۔ متاثرہ سینٹری ورکروں نے وزیر اعلی پنجاب سے ورکروں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات پر شب خون مارنے والے کمپنی افسران کے خلاف اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین