• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید الاضحی‘عوام کو ریلیف کیلئے سستے داموں آٹے کی فراہمی یقینی بنائی‘خوشحال خان

پشاور(وقائع نگار) سیکرٹری خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محمد زبیر نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سستے داموں آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا اس سلسلے میں محکمہ خوراک کے افسران نے شہر بھر کے مختلف علاقوں میں قائم فلور ملز اور آٹا ڈیلروں کو چیک کیا اور20کلو آٹے کا تھیلہ 860روپے میں عوام کو فراہمی یقینی بنایا۔ انہوں نے اپنے دفتر سے جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ کوٹے کے تحت صوبے بھر میں آٹا ڈیلروں کو سرکاری نرخ کے مطابق آٹے کی ترسیل جاری ہے جس سے براہ راست فائدہ عوام کو ہو رہا ہے اور اس سلسلے میں محکمہ خوراک کے افسران فلور ملوں اور آٹا ڈیلروں پر خصوصی چیک رکھے ہوئے ہیں۔ اسی طرح عوامی شکایات پر محکمہ خوراک کے راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی زیر نگرانی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور دیگر نے بورڈ بازار اور گلبرگ میں عوامی شکایات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 7 دکانداروں کو گرفتار کرلیا جن میں سبزی و پھل فروش اور دودھ فروش شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے دن شہریوں کی جانب سے شکایات سیل پر گرانفروشوں کے خلاف شکایات کی گئی جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی اور 7 دکانداروں کیخلاف مراسلے متعلقہ تھانے میں جمع کرادیئے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دودھ فروش عید الاضحی کے موقع پر 130 روپے فی کلو دودھ اور سبزی فروش ڈبل نرخ وصول کر رہے تھے جن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خود کو عوام کے خادم سمجھتے ہیں ہر حالت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
تازہ ترین