• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشانت سنگھ کیس، 15کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تفتیش کے حوالے سے اس کیس سے منسلک 15کروڑ روپے کی مشکوک منتقلی پر ایک منی لانڈرنگ کیس کا اندراج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ یہ کیس ایجنسی نے اس وقت داخل کیا جب اس نے بہار پولیس کی ایک ایف آئی آر دیکھی۔ واضح رہے کہ بہار پولیس، جوکہ آنجہانی اداکار کے اکاؤنٹ سے پندرہ کروڑ روپے کی منتقلی کی تحقیقات کررہی تھی، اور اس کے مطابق اس نے سشانت کے خاندان کے دعوے کے بعد اس مبینہ منتقلی کی تفتیش کی تھی۔منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی ایجنسی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ اس نے انفورسمنٹ کیس انفارمیشن رپورٹ جمعہ کو داخل کی اور اب وہ آنجہانی اداکار کے بینک اکاؤنٹ سے ہونے والی مبینہ مشکوک رقوم کی منتقلی کا جائزہ لے گی، اور آئندہ ہفتے کے اوائل میں مشکوک افراد کو سمن جاری کرکے تفتیش کے لیے طلب کیا جائے گا۔ادھر پٹنہ (بہار) کی پولیس گزشتہ تین روز سے سشانت سنگھ کیس کی تفتیش کے حوالے سے ممبئی میں خیمہ زن ہے، اور وہ رقوم کی لین دین اور سشانت سنگھ راجپوت کی جانب سے اپنی گرل فرینڈ ریا چکرورتی اور انکے بھائی کے ساتھ ملکر قائم کی گئی دو کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی انکوائری کررہی ہے۔بہار پولیس نے یہ تفتیش اس وقت شروع کی جب سشانت کے والد نے اپنی درخواست میں ریا چکرورتی پر الزام عائد کیا کہ اس نے غیرقانونی طور پر انکے بیٹے کے اکاؤنٹ سے رقوم منتقل کی اور اسے ذہنی ہراساں کیا۔

تازہ ترین