• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز، کشمیر کونسل دیگر تنظیموں کیساتھ 5 اگست کو مظاہرہ کرے گی

کشمیر کونسل ای یو دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر 5 اگست بروز بدھ کو انڈین ایمبیسی برسلز کے سامنے مظاہرہ کرے گی ۔

اس حوالے سے کشمیر کونسل ای یو کے چئیرمین علی رضا سید، ممتاز کشمیری رہنما سردار صدیق خان، ورلڈ ڈائس پورہ الائنس یورپ کے چئیرمین چوہدری خالد جوشی، وزیراعظم آزاد کشمیر کے یورپ میں اوورسیز کے لیے کو آرڈینیٹر راجہ خالد اور میڈرڈ سےکشمیری رہنما سردار خالد نے آج ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ 

کشمیر کونسل ای یو کے چئیرمین علی رضا سید نے اس موقع پر کہا کہ 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ 370 اور 35 اے کی تنسیخ کے ذریعے کشمیر کے ساتھ اپنے آخری آئینی تعلق کو بھی ختم کر لیا ہے۔ 

جس کے بعد اب وہ ایک قابض قوت کی حیثیت سے مقبوضہ کشمیر میں موجود ہے اور آئینی و قانونی طور پر معاملہ 1947ء میں موجود پوزیشن پر چلا گیا ہے، 5 اگست 2019 ء کے بعد ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ ے ہیں۔ 

کرفیو اور انٹرنیٹ کی بندش کے ذریعے عوام کا حق تحرک چھین لیا گیا اور بچوں سمیت بے شمار لوگوں کو قید کرکے ان کے گھروں سے دور جیلوں میں لے جایا گیا ہے۔ 

اس تمام صورتحال پر دنیا خصوصی طور پر یورپ میں آگاہی کے لیے کشمیر کونسل ای یو نے یورپین کمیشن، یورپین کونسل اور یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس سمیت تمام اہم اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا اور ان اداروں کے سامنے مظاہرے اور آگاہی کے کیمپ لگائے ۔ 

5 اگست کا مظاہرہ بھی اسی بات کی دلیل ہے کہ دنیا بھر کے کشمیری انڈیا کے اس ظلم کے خلاف بدھ کے روز بھر پور احتجاج کریں گے ۔ 

اس موقع پر موجود دیگر افراد نے بیلجیئم سمیت یورپ بھر میں رہنے والے کشمیری اور پاکستانی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بدھ کے روز 11 بجے ہونے والے اس مظاہرے میں بھر پور شرکت کریں ۔

تازہ ترین