• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت خارجہ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس

وزارت خارجہ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس


وزارت خارجہ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کو مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی صورتحال سمیت خطےمیں امن و امان پر بریفنگ دی گئی۔

کشمیر کی صورتحال پر وزارت خارجہ میں آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی، علی محمد خان، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سینیٹر مشاہد حسین سید، فرخ حبیب، سینیٹر راجہ ظفر الحق، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، سینیٹر شیری رحمان سمیت دیگر نے شرکت کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیری مقبوضہ کشمیرمیں 5 اگست کے غیر آئینی، یکطرفہ بھارتی اقدامات مسترد کرچکے ہیں ،پاکستان نےمقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کوہرعالمی فورم پربےنقاب کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سرکارکی ہندتواپالیسی کشمیریوں بلکہ خطےکے امن کیلئےخطرات کاباعث ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں ڈومیسائل قوانین تبدیل کرکےآبادیاتی تناسب تبدیل کرناچاہتاہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر متحد ہیں، بھارت جبر اور قید و بند کی اذیتوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکا ہے، آج پوری دنیا کے سامنے بھارت سرکار کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکاہے ۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر متحد ہیں، آر ایس ایس کی سوچ پر گامزن بی جے پی کی سرکار نے، اپنی ہندتوا سوچ کے سبب، نہ صرف کشمیریوں بلکہ بھارت کے اندر بسنے والی اقلیتوں کے دلوں میں نفرت کے بیج بوئے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ آج دنیا بھارت کی منافرت پسند پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔

آل پارٹیز کانفرنس میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی پوری قوم، تمام سیاسی جماعتیں، سیاسی اور عسکری قیادت کشمیر کے معاملے پر یکساں موقف کی حامل ہیں، پاکستان اس وقت تک اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا جب تک انہیں ان کا جائز حق، حق خودارادیت، مل نہیں جاتا۔

تازہ ترین