• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس نے فرض شناسی کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں: محمود خان

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کہتے ہیں کہ پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فرض شناسی کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔

یومِ شہدائے پولیس پر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک و قوم کے تحفظ اور امنِ عامہ کے لیے پولیس کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دیگر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، آج ہم جس پر امن فضاء میں سانس لے رہے ہیں، یہ ان ہی کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا کہ پولیس گزشتہ ایک دہائی سے انتہائی مشکل حالات میں فرض شناسی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی فرض شناسی اور حب الوطنی پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے، پولیس نے اس خطے میں امن کی بحالی کے لیے شہادتوں کی ایک تاریخ رقم کی۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا برطرف وزراء کو عشائیے میں نہ بلانے کا فیصلہ

وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے مزید کہا کہ پولیس نے کورونا وائرس کی وباء کی موجودہ صورتِ حال میں بھی فرنٹ لائن پر خدمات انجام دی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی، وزیرِ اعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دُعا بھی کی۔

تازہ ترین