• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت مافیا کو مزید عوام کا استحصال نہیں کرنے دے گی: مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت مافیا کو مزید عوام کا استحصال نہیں کرنے دے گی: مرتضیٰ وہاب


ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت مافیا کو مزید عوام کا استحصال نہیں کرنے دے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کہا جارہا ہے کہ جولائی میں ایف بی آر نے ٹیکس وصولی میں 22 فیصد اضافہ کیا، خوش تھا کہ وفاق نے اپنے محصولات میں اضافہ کیا، ہمیں امید ہوئی کہ این ایف سی میں سندھ کو حصے کے پورے پیسے ملیں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بجٹ دستاویز دیکھ لیں تو سندھ کو 63 ارب روپے ماہانہ ملنے ہیں، سندھ کو 63 ارب ملنے تھے 28 ارب کا شارٹ فال ہے، اگر سندھ کو 28 ارب روپے کم دیں گے توہم کیسے پینشنز اور تنخواہ دے پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چینی کمیشن رپورٹ کہتی ہے کہ ایکسپورٹ کرنے کی وجہ سے بحران آیا، بحران کی وجہ سے مافیا نے اربوں روپے کمائے، چینی برآمد کرنے کی اجازت وزیراعظم کی منظوری سے دی گئی۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ اب ای سی سی نے تین لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان میں کہیں بھی 70 روپے میں فی کلو چینی نہیں مل رہی، چینی کے نرخ سو روپے فی کلو تک پہنچ گئے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بڑی عید پر ان لوگوں نے ہر چیز بڑی کردی، اگر اسلام آباد اور لاہور میں آٹا مہنگا اور نایاب ہے تو سندھ کا کیا قصور؟ جب مافیاز حکومت چلاتی ہیں تو چینی، پٹرول، آٹا نایاب ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے گندم سے متعلق ہدف سو فیصد سے زیادہ حاصل کیا، اب پھر گندم کا بحران پیدا کرکے مافیا کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے ، سندھ حکومت مافیا کو مزید عوام کا استحصال نہیں کرنے دے گی۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ چینی سینچری کرچکی اور آٹا سینچری کرنے کی طرف جارہا ہے، تحریک انصاف ان وعدہ کو شرمندہ تعبیر کریں ورنہ ان کی شرمندگی بڑھتی جائیگی، پی ٹی آئی کے مقامی لیڈروں کو گھر میں بھی کوئی سنجیدہ نہیں لیتا۔

تازہ ترین