• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کیلئے مختلف شہروں میں احتجاج


جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔

کراچی میں آزادی گلی میں احتجاجی کیمپ میں سیاسی سماجی مذہبی وکلاء، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

صدر مجلس علماء کراچی ڈویژن مولانا قاسم محمود نے میر شکیل الرحمن کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور کہا کہ انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔

احتجاج میں سینئر صحافی سیکرٹری جنرل ایپنک شکیل یامین کانگا، ایسوسی ایشن آف فوٹو گرافرز کے سابق صدر شعیب احمد، دی نیوز ایمپلائز یونین سی بی اے کے صدر سعید محی الدین پاشا، دی نیوز ایمپلائز یونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری دارا ظفر، جاوید پریس کے جنرل سیکرٹری رانا محمد یوسف و دیگرنے شرکت کی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ وہ آزادی صحافت کی اس جدوجہد میں جنگ جیو گروپ کے ساتھ ہیں۔

لاہورمیں ڈیوس روڈ پر میر شکیل الرحمن کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی کیمپ 4 ماہ سےجاری ہے، سینئر صحافیوں اور جنگ ورکرز یونین کے رہنما کیمپ میں شریک ہوئے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت نجی پراپرٹی کی خریداری کے کیس میں فریق بن کر میر صحافت کا استحصال کر رہی ہے، جو آئین اور قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

شرکاء نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پشاور میں احتجاجی مظاہرہ جنگ، جیو اور دی نیوز کے دفاتر کے باہر کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کو غیرقانونی قید رکھا گیا ہے ان کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔

کوئٹہ میں جنگ بلڈنگ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں جیو نیوز سے منسلک صحافیوں اور کارکنوں نے شرکت کی، شرکا نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

بہاولپور میں پریس کلب میں صحافیوں نے احتجاج کیا، صحافیوں نے میر شکیل کی رہائی کے لئے احتجاجی دھرنا، ریلی اور بھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکت کی۔

شرکاء نے میر شکیل الرحمٰن کی 34 سالہ پرانے کیس میں گرفتاری کی مذمت کی۔

نواب شاہ میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے لیاقت آباد میں احتجاج کیا۔

تازہ ترین