• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جولائی 2020ء میں ملکی برآمدات 5.8فیصد بڑھیں، رزاق داؤد

کراچی (نیوز ڈیسک / اے پی پی) مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہاہے کہ جولائی 2020ء میں ایکسپورٹ میں نمایاں اضافہ ہوااور یہ 5.8؍ فیصد بڑھیں ، کووڈ 19اور لاک ڈاؤن کے باوجود ’میک اِن پاکستان‘ پالیسی آگےبڑھ رہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبدالرازق داؤد نے برآمدات میں اضافہ کو خوش آئند قرار دیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جولائی 2020 میں پاکستان کی برآمدات میں پچھلے سال کی نسبت 5.8؍ فیصد اضافہ ہوا ہے اوربرآمدات میں اضافہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چار ماہ سے برآمدات میں کمی دیکھی جا رہی تھی۔ کوویڈ 19اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باوجود ہماری برآمدات پر مبنی ’میک ان پاکستان‘ پالیسی آگے بڑھ رہی ہے، میں تمام برآمد کنندگان کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اس رجحان میں مزید تیزی آتی رہے گی۔ علاوہ ازیں وفاقی ادارہ شماریات کے اعدادو شمار کے مطابق کورونا کی عالمی وباکے باعث پاکستان کی برآمدات پر چھائے کالے بادل چھٹنا شروع ہوگئے ۔ جولائی 2020ء کے دوران ملکی برآمدات میں 5.80؍ فیصد اضافہ ہوا، جولائی 2020ء کی برآمدات ایک ارب 99؍ کروڑ 80لاکھ ڈالر رہیں جبکہ جولائی 2019ء میں ایک ارب 89؍ کروڑ ڈالر کی مصنوعات برآمد کی گئی تھیں، جولائی 2020ء میں درآمدات میں 4.20؍ فیصد کمی واقع ہوئی، جولائی 2020ء میں 3؍ ارب 54؍ کروڑ ڈالر کی مصنوعات درآمد کی گئیں جبکہ جولائی 2019ء میں 3؍ ارب 70؍ کروڑ ڈالر کی مصنوعات درآمد کی گئی تھیں۔

تازہ ترین