• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر نیشنل ایشو،کسی قسم کی سیاست نہیں کرنا چاہتے، عظمیٰ بخاری


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام’’ آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگوکرتے ہوئے ن لیگ کی رہنما عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر نیشنل ایشو ہے کسی قسم کی سیاست نہیں کرنا چاہتے،پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہاکہ آج تک ایسا کب ہوا ہے کاغذ پر لکیریں کھینچ دینے سے علاقے فتح ہوگئے،تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان نے جو اپنے نقشے کوری ڈیفائن کیا ہے اس میں چائنہ کو اعتماد میں لیا،ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا بنیادی بیانیہ ووٹ کو عزت دو کا ہے۔ رہنما مسلم لیگ نون عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میں مذمت کرنا چاہتی ہوں پانچ اگست 2019کے واقعے کی جس میں کشمیریوں کا حق خود ارادیت ان سے چھینا گیا آج بھی عمران خان کی تعریفیں کرنے کے علاوہ ان کو کوئی کام نہیں ہے آپ لوگوں نے کیا کیا ہے پانچ اگست کے بعد دھوپ میں کھڑے ہوجاؤ، ہاتھ کی زنجیر بنا لو، اب یہ نقشہ آگیا چلیں اس نقشے کی حد تک میں سمجھتی ہوں کہ ایک پیغام دینے کے لیے آپ نے یہ کر لیا اس سے حاصل کیا ہوگا ایک سوال ہے چونکہ یہ نیشنل ایشو تھا ہم اس پر کسی قسم کی سیاست نہیں کرنا چاہتے لیکن حکومت کی کارکردگی پر سوالات ضرور اٹھتے ہیں یو این میں انہوں نے انڈیا کو ووٹ کیوں دیا۔ آپ پورا انڈیا ڈال لیں نقشے میں ۔رہنما پیپلز پارٹی پلوشہ خان نے کہا کہ یہ پہلا جرأت مندانہ قدم ہے جس کے لیے وزیراعظم نے وزیراعظم ہاؤس سے ایک قدم باہر نہیں نکالا میں آپ سے پوچھتی ہوں آج تک ایسا کب ہوا ہے کہ کاغذ پر لکیریں کھینچ دینے سے علاقے فتح ہوگئے۔بہت اچھا بات ہوتی ہے ایک سمری آج ہوتی جس میں بتاتے کہ ہم نے یہ یہ ٹیکنیکل فتح حاصل کی ٹھیک ہے آرٹیکل 370 نہیں اٹھا لیکن ہم نے یہ کیا ایسا کچھ نہیں ہوا ہے۔اپوزیشن کو صرف بتایا گیااس حوالے سے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔

تازہ ترین