• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کی قربانیوں سے ملکی امن کی صورتحال بہتر ہوئی،احمد وحید

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد وحیدنے اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل محمد عامر ذوالفقار خان کے ساتھ پولیس لائنز اسلام آباد میں یادگار پولیس شہدا کا دورہ کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات لکھتے ہوئے کہا کہ وطن کی خاطر اپنی جان قربان کرنے والے پولیس شہداء کو تاجر برادری سلام پیش کرتی ہے کیونکہ ان کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور کاروباری سرگرمیاں بحالی کی طرف گامزن ہوئی ہیں۔ اسلام آباد چیمبر کامرس کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان، ناصر قریشی اور خالد چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ احمد وحید نے لکھا کہ پولیس شہداء نے ملک کو دہشت گردوں اور شرپسند عناصر سے بچانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اپنے خون سے بہادری اور جرات کی بے مثال تاریخ رقم کی ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ قوم پولیس شہداء کی لاوزال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی کیونکہ انہوں نے پاکستان کو ایک پر امن اور محفوظ ملک بنانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن ماحول کا قیام کاروبار اور سرمایہ کارانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بنیادی شرط ہے اور پولیس نے اس کیلئے جو کردار ادا کیا وہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اسلام آباد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی عظیم کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کاروباری برادری پولیس شہدا کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کے سلسلے میں اسلام آباد پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔
تازہ ترین