• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی ملے گی، سری نگر ہماری منزل ہے: شبلی فراز

کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی ملے گی، سری نگر ہماری منزل ہے: شبلی فراز


وفاقی وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سری نگر ہی ہماری منزل ہے کشمیری عوام کو بھارتی تسلط سے آزادی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینا ہوگا،  مقبوضہ کشمیر میں معیشت، بچوں اور خواتین پر برے اثرات پڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنادیا عالمی برادری اس پر خاموش ہے ، سری نگر ہی ہماری منزل ہے کشمیری عوام کو بھارتی تسلط سے آزادی ملے گی۔

اپنے سوشل میڈیا پیغام میں شبلی فراز نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیریوں کی شناخت چھیننے کی کوشش کی، اس غیر قانونی سیاہ اقدام اور تاریخ کے بدترین کرفیو کو ایک سال ہوگیا۔

شبلی فراز نے لکھا کہ محصور مظلوم کشمیری بھارتی ریاستی بربریت کی زندہ مثال ہیں جہاں ہر کشمیری بدترین تشدد اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہے۔

اسلام آباد میں وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام یوم استحصال کے موقع پر ریلی نکالی گئی جس میں سینیٹر شبلی فراز نے بھی شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا، اس موقع پر شبلی فراز نے کہا کہ یوم استحصال منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی طرف دلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیریوں پر جاری مظالم کیخلاف آواز بلند کرنا ہوگی، عالمی برادری کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم پر خاموش ہے، منافقانہ رویے سےعالمی امن کونقصان پہنچ سکتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا ہے، بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا حساب دینا ہوگا۔

تازہ ترین