• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشانت سنگھ خود کشی کیس کی تفتیش مرکزی تفتیشی بیورو کے حوالے

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت خود کشی کیس کی تفتیش مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو سونپ دی گئی ہے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے سالسٹر جنرل تشار مہتا نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ بہار حکومت نے سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کی تھی جسے مرکز نے منظور کرلیا ہے اور تفتیش کو سی بی آئی کے حوالے کردیا۔سماعت کے دوران تشار مہتا نے کہا کہ ’اب ریا چکرورتی کی سپریم کورٹ میں درخواست کی کوئی حیثیت نہیں رہ جاتی’۔ واضح رہے کہ ریا چکرورتی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرکے بہار کی تفتیش کو ممبئی ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اب بہار میں تفتیش نہیں ہو رہی ہے کیونکہ بہار نے تفتیش کو سی بی آئی کے پاس بھیج دیا ہے۔ وہیں ریا چکرورتی کے وکیل شیام دیوان نے بہار کے کیس کو ممبئی ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب ممبئی پولیس تفتیش کر رہی ہے تو پھر وہی تفتیش ہونی چاہئے۔ 56گواہان سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے۔ دریں اثناء سوشل میڈیا پر ایکٹو انکتا لوکھنڈے نے سشانت سنگھ راجپوت کیس کو سی بی آئی جانچ کی مرکزی حکومت کی منظوری ملنے پر کہا ہے ہم جس موقع کا انتظار کر رہے تھے، آخر وہ آہی گیا ۔ انہوں نے انسٹاگرام اور ٹویٹر دونوں پر یہ پوسٹ کیا ہے۔ انکتا نے پوسٹ کے ساتھ کیپشن تو نہیں لکھا لیکن پوسٹ سے صاف سمجھ آرہا ہے کہ انکتا اس فیصلے سے کافی خوش ہیں۔سب کے دلوں پر راج کرنے والے بولی وڈ کے چمکتے ستارے سشانت سنگھ راجپوت کی موت ہر کسی کیلئے بیحد ہی دردناک ہے۔ ابھی تک ان کا کنبہ اور مداح اس غم سے نکل نہیں پارہے ہیں۔ وہیں اداکار کی سابق گرل فرینڈ کو بھی ان کے اس طرح سے دنیا چھوڑ جانے کا بے انتہا صدمہ ہے اور وہ سشانت کو انصاف دلانے کیلئے ہر جنگ کیلئے تیار ہیں۔

تازہ ترین