• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بن قاسم پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی، کراچی میں 10 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع

بن قاسم پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی، کراچی میں 10 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع


کراچی(اسٹاف رپورٹر) بن قاسم پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی کے باعث کراچی میں ایک بار پھر کے الیکٹرک نےپانچ سے دس گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کا آغاز کر دیا ہے منگل کی شب اور بدھ کودن بھر مختلف اوقات میں بجلی بند ہونے کا سلسلہ جاری رہا۔

کے الیکٹرک نے مستثنی علاقوں میں تین سے پانچ اور لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں آٹھ سے دس گھنٹے تک بجلی بند رکھی، ذرائع کے مطابق بن قاسم پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے سبب کے الیکٹرک کو مجموعی طور پر700 میگاواٹ کمی کا سامنا ہے اور ضرورت سے کم بجلی دستیاب ہونے پر اس نے شہر میں لوڈشیڈنگ کا آغاز کر دیا ہے۔

صارفین نےبتایا کہ انہیں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی بند رکھنے کے باقاعدہ پیغامات موصول ہو رہےہیں تاہم بعض صارفین کا کہنا تھا کہ انہیں لوڈشیڈنگ کے ٹائمنگ سے آگاہ نہیں کیا جا رہا ہے اور مسلسل کئی کئی گھنٹے بجلی بند رکھی جا رہی ہے۔

فیڈرل بی ایریا،اسکیم 33، سرجانی، بفرزون، اورنگی ٹائون ، بلدیہ ٹائون گلستان جوہر، گلشن اقبال،ملیر ،لانڈھی،کورنگی،شاہ فیصل کالونی،نارتھ کراچی ،نیو کراچی،نارتھ ناظم آباد،ناظم آباد،اولڈ سٹی ایریا، لیاری، رامسوامی، عثمان آباد غازی نگر، کھارادر، کیماڑی،صدر سمیت متعد د علاقوں سے بجلی بند رہنے کی اطلاعات ملیں ،دریں اثنا ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ بی کیو پی ایس پاور پلانٹ پر شیڈول کے مطابق مرمتی کام کیا جا رہا ہے ۔

مرمتی کام کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے کچھ مستثنیٰ علاقوں میں عارضی لوڈمینجمنٹ کی جارہی ہے شہر بھر میں کسی قسم کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا تی صارفین کی سہولت کے لیے لوڈشیڈنگ کا شیڈول ویب سائٹ پر موجود ہے رجسٹرڈ صارفین کو 8119 ایس ایم ایس سروس کے ذریعے اطلاع بھی دی جاتی ہے۔

تازہ ترین