• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی معمول کے امتحانات لینے والی سندھ کی پہلی یونیورسٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کورونا وائرس کی عالمی وباء کے دوران مکمل ایس او پیز کے ساتھ معمول کے مطابق عملی طور پر امتحانات لینے والی صوبہ سندھ کی پہلی یونیورسٹی بن گئی ہے ۔

جامعہ کراچی میں بی ڈی ایس تھرڈ اورفائنل پروفیشنل کے امتحانات کا آغازہوگیا اور شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ناظم امتحانات ڈاکٹر سید ظفر حسین کے ہمراہ بدھ کے روز جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں منعقد ہونے والے بی ڈی ایس کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔

شیخ الجامعہ نے امتحانی مراکز میں طلبہ اور عملے کی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور حفاظتی تدابیر کے بغیر کسی کو امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بی ڈی ایس تھرڈ پروفیشنل کے امتحانات12 اگست جبکہ بی ڈی ایس فائنل پروفیشنل کے امتحانات 13 اگست تک جاری رہیں گے۔

تمام امتحانات دوپہر 2:00 تا شام 5:00 بجے تک جبکہ جمعہ کے روز دوپہر 2:30 تاشام 5:30 بجے تک منعقد ہوں گے۔

تازہ ترین