• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈوگرہ ہسپتال سے ملحقہ علاقوں میں لشمینیا، ملیریا کی ادویات اور مچھر دانیاں تقسیم

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹر ہیلتھ ضم اضلاع ڈاکٹر نیاز آفریدی کی خصوصی ہدایت پر انٹگریٹڈ ویکٹر مینجمنٹ پروگرام کی منیجر ڈاکٹر شائستہ کی سربراہی میں ڈی ایچ او خیبر ڈسٹرکٹ ڈاکٹر طارق حیات، فوکل پرسن ڈاکٹر خالد، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جہانگیر اور ملیریا وویکٹر مینجمنٹ پروگرام کے مقامی اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے ڈوگرہ ہسپتال باڑہ اور ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، ٹیم نے سروے کیا اور مریضوں کے بارے معلومات حاصل کیں۔ یہ علاقہ ڈینگی، ملیریا اور لشمینیا کے حوالے سے حساس ہے جہاں ممکنہ مریضوں سے نمٹنے کے لئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نےپہلے سے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ٹیم نے لشمینیا اور ملیریا مریضوں میں ادویات اور مچھر دانیاں تقسیم کیں علاقے کی سرویلنس اور آگاہی مہم مکمل کرلی۔ سرویلنس کے دوران لشمینیا کے 56 مریضوں اور ملیریا کے 9 مریضوں کی نشاندہی کی گئی۔ پروگرم منیجر ڈاکٹر شائستہ کے مطابق لشمینیا کے مریض نئے نہیں ہیں بلکہ ایک سال قبل سامنے آئے تھےجنہوں نے اپنا علاج ادھورا چھوڑا ہے جبکہ ملیریا کے 9 مریض پچھلے ایک ماہ کے دوران رپورٹ کئے گئے ہیں۔ ٹیم نے مریضوں کو ضروری ادویات اور مچھر دانیاں فراہم کیں، لوگوں کے ساتھ آگاہی سیشن منعقد کئے جبکہ فیلڈدوروں کے علاوہ جانوروں کے اصطبلوں کا بھی معائنہ کیا۔ طبی عملے نے لوگوں پر زور دیا کہ ادویات کا بروقت وصحیح استعمال یقینی بنائے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود اور دوسروں کو بیماریوں سے بچائیں، بیماری کی علامات کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ٹیم میں شامل خاتون اہلکاروں نے گھر گھر جاکر گھریلو خواتین کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا اور انہیں مچھردانیاں دیں۔ پروگرام منیجر آئی وی ایم پی ڈاکٹر شائستہ نے کہا کہ لشمینیا، ملیریا اور ڈینگی کے مریضوں کے لئے ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے جہاں سے مریضوں کی اطلاع آتی ہے وہاں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کی ہدایت پر ٹیمیں بھیج کر فوری اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔ مریضوں کو ادویات ومچھر دانیوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ آگاہمی مہم جاری ہے جس میں خاتون اہلکار بھی حصہ لے رہی ہیں۔
تازہ ترین